0
Friday 16 Aug 2019 20:25
ناصر عباس شیرازی اور قاسم شمسی کی خصوصی شرکت

ملتان، یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کیلئے چوک گھنٹہ گھر میں علامتی دھرنا

ملتان، یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کیلئے چوک گھنٹہ گھر میں علامتی دھرنا
اسلام ٹائمز۔ معروف قانون دان اور سابق نائب صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان یافث نوید ہاشمی اور دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے گھنٹہ گھر چوک ملتان میں احتجاجی دھرنا دیا گیا، احتجاجی دھرنے میں خواتین، بچوں اور مردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دھرنے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد قاسم شمسی، علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، شیعہ علماء کونسل ملتان کے صدر علامہ سید کاشف ظہور نقوی اور قارب نوید ہاشمی نے کی۔ دھرنے کے شرکاء نے ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، دھرنے کے شرکاء نے چوک گھنٹہ میں نماز مغرب ادا کی، اس موقع پر ٹریفک کیلئے راستہ کھلا رہا اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی، احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک طرف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے، دوسری جانب پاکستان میں کشمیر بنایا جا رہا ہے، لوگوں کو جبری گمشدہ کیا جا رہا ہے، ریاست ہمارے ساتھ کشمیریوں والا سلوک نہ کرے، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم محرم الحرام کے جلوسوں کو دھرنوں میں تبدیل کر دیں۔

رہنمائوں نے کہا کہ آج ملک بھر میں یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کے لیے دھرنے دیئے گئے اور احتجاج کیے گئے، اگر اگلے جمعہ تک ہمارے جبری گمشدگان کو بازیاب نہ کرایا گیا تو اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، ہم ملک بھر میں موجود وزراء، اراکین اسمبلی، وزیراعلیٰ ہائوسز اور گورنر ہائوسز کا گھیرائو کریں گے، ہماری حب الوطنی کا مزید امتحان نہ لیا جائے، تمام شیعہ مسنگ پرسنز کو فی الفور بازیاب کرایا جائے، مقتول بھی ہم، اسیر بھی ہم، مظلوم بھی ہم، جب تک یافث نوید ہاشمی کو رہا نہیں کیا جائے گا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا، یہ مطالبہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا ہے، احتجاجی دھرنے میں انجمن ندائے حسینی کے صدر سید قمر عباس زیدی، سید طاہر عباس نقوی، شعیب نقوی، سہیل عابدی، سلیم عباس صدیقی، مرزا وجاہت علی، آئی ایس او ملتان کے صدر عاطف حسین، مہر سخاوت علی، جواد رضا جعفری، ڈاکٹر موسیٰ کاظم، ڈاکٹر عاصم حسین، صفدر حسین بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 810955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش