0
Monday 19 Aug 2019 19:23

کشمیریوں کے ساتھ شہید بھٹو کا وعدہ پورا کروں گا، بلاول

کشمیریوں کے ساتھ شہید بھٹو کا وعدہ پورا کروں گا، بلاول
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری اور انسانی حقوق دلانے کی جدوجہد کروں گا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیریوں کے ساتھ وعدوں کو پورا کریں گے۔ سکردو میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی حقیقی آواز ہے، مودی نہ منموہن ہے نہ واجپائی، ہم شروع سے خبردار کرتے آ رہے ہیں کہ مودی کا ہندو توا کا نظریہ ہے، اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا، عمران خان ایک کٹھ پتلی ہے وہ کیسے دوسرے کٹھ پتلی پر تنقید کر سکتے ہیں، ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کر رہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے، میں بلتستان کے لوگوں کو سننے آیا ہوں، میں ان سے ملکی مسائل کے حل پر رائے لینا چاہتا ہوں، اگر ہمیں اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑے تو مجھے یقین ہے کہ پورا گلگت بلتستان ہمارے ساتھ ہو گا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ، سابق وزیرِ اعلیٰ سید مہدی شاہ، غلام شہزاد آغا، بشارت ظہیر اور نجف علی نے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین کو بلتستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جی بی کے عوام کی آواز ہے اور اب تک جو بھی اصلاحات ہوئی ہیں وہ شہید بھٹو، شہید بینظیر اور آصف زرداری کے دور میں ہوئی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی پیپلزپارٹی جی بی کے عوام کے لئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائے گی اور عملی اقدامات کرے گی۔ جی بی کے عوام مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مودی سرکار کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 811430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش