0
Tuesday 20 Aug 2019 17:06

خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری

خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرضے کی منظوری دیدی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کو گاڑی، موٹرسائیکل، سائیکل اور گھروں کی تعمیر کیلئے بلا سود قرض دیا جائے گا۔ گریڈ 1 سے 17 تک کے سرکاری افسران قرض لینے کے اہل ہوں گے، جس کیلئے ان کی مدت ملازمت کم از کم 5 سال مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑی خریدنے کے خواہشمند ملازمین 2 لاکھ قرض لینے کے اہل ہوں گے، جس کیلئے عمر کی حد 55 سال مقرر کی گئی ہے۔ قرض کی واپسی 3 ہزار 334 روپے ماہانہ کی صورت میں 60 اقساط میں ہوگی۔

گھر خریدنے کیلئے ڈھائی لاکھ روپے قرض کی درخواست دی جاسکتی ہے جس کیلئے 10 سالہ مدت ملازمت لازمی اور عمر کی حد 50 سال ہے۔ قرض کی واپسی ماہانہ 2 ہزار 80 روپے دیکر کل 120 اقساط میں ہوگی۔ موٹرسائیکل خریدنے کیلئے صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کو 80 ہزار روپے قرض دے سکتی ہے جس کیلئے مدت ملازمت 5 سال اور عمر 55 سال سے زائد نہیں ہونی چاہیئے۔ واپسی 60 اقساط میں ایک ہزار 340 روپے ماہانہ دیکر ہوگی۔ غریب طبقے کیلئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سائیکل خریدنے کیلئے بطور قرض 8 ہزار روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جو 200 روپے ماہانہ دیکر کل 40 اقساط میں ادا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 811654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش