0
Saturday 14 Sep 2019 12:27

ہری پور میں طالبات کیلئے عبایا یا چادر پہننا لازمی قرار

ہری پور میں طالبات کیلئے عبایا یا چادر پہننا لازمی قرار
اسلام ٹائمز۔ ہری پور ضلع میں محکمہ تعلیم کے افسران نے ہری پور کے تمام سرکاری اسکولوں میں طالبات کیلئے عبایا، گاؤن یا چادر پہننا لازمی قرار دیدیا، ان احکامات پر مقامی افراد کی جانب سے ملا جلا ردِ عمل سامنے آیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈی ای او) ثمینہ الطاف نے رواں ہفتے کے آغاز میں ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کے تمام پرنسپلز اور ہیڈ مسٹریس کو ہدایت کی کہ طالبات کے عبایا، گاؤن یا چادر پہننے کو یقینی بنایا جائے۔ سرکلر میں کہا گیا کہ کسی غیر اخلاقی حادثے سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام طالبات کو گاؤن، عبایا یا چادر کے ذریعے اپنے آپ کو ڈھانپنے کی ہدایت کی جائے۔ اس ضمن میں احکامات جاری کرنے والی متعلقہ افسر سے رابطہ کرنے کی بارہا کوشش کی گئی جو ناکام رہی، تاہم ان کے ایک ماتحت نے اس بات کی تصدیق کی کہ سرکلر حقیقی ہے۔ ماتحت خاتون کا کہنا تھا کہ چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کی بڑھتی ہوئی شکایات سے طالبات کو محفوط رکھنے کیلئے یہ اقدام ضروری تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبات کی بڑی تعداد میں دوپٹہ اور آدھی چادر اوڑھنے کی عادت ہے، جو ان کے جسموں کو ڈھانپنے کیلئے کافی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے طالبات کو ہر چوک یا نکڑ پر تحفظ فراہم کرنا ممکن نہیں اس لئے انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ ان کے تحفظ کیلئے مکمل پردہ ضروری قرار دیا جائے۔ مذکورہ حکم نامے پر ایک سماجی کارکن اور رواداری تحریک کے رہنما عمر فاروق نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کا تحفظ یقینی بنانے کے بجائے حکام ان پر ان کی مرضی کے خلاف پہناوے کی پابندی لگا رہے ہیں۔ سماجی کارکان نے سماجی رویوں میں مرحلہ وار تبدیلی کی ضرورت اور طلبہ اور طالبات کو ایک دوسرے کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، تاہم دہم جماعت کی طالبہ کے والد محمد سہیل نے اس اقدام کی حمایت کی، ان کا کہنا تھا کہ اس سے ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی آئے گی، حکومت کو یہ فیصلہ پہلے ہی کر لینا چاہیئے تھا۔ دوسری جانب دو طالبات کے والدین نے بھی اس اقدام کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 816124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش