0
Saturday 14 Sep 2019 21:44

بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، شاہ محمود قریشی

بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، بھارت کے ناپاک عزائم ملیا میٹ ہو جائیں گے۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ صرف سلامتی کونسل میں بلکہ دنیا بھر میں بھارت کا ظالم و سفاک چہرہ بھرپور طریقے بےنقاب کیا، دنیا کو بتایا کشمیر بھارت کا اندورنی مسئلہ نہیں، آج امریکا، یورپ ہر جگہ مسئلہ کشمیر پر بات ہو رہی ہے، دنیا کے ہر دارالخلافے میں بھارت کے خلاف پاکستانی اور کشمیری باہر نکل آئے ہیں، انسانی حقوق کی تمام تنظیمیں بھارت پر نکتہ چینی کر رہی ہیں، پوری دنیا اس مسئلہ پر بحث کر رہی ہے جو ہماری کامیابی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر 54 سال بعد پہلی مرتبہ زیرِبحث آیا، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی مقبوضہ کشمیر پر بیان دیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی قوانین اور یواین قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، امریکی کانگریس اور یورپی پارلیمنٹ کے اراکین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے خط لکھ رہے ہیں، یہ حکومت کی پرخلوص کوششیں ہیں کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی مسئلہ ہو گیا ہے، وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر کشمیر کا پیغام لے کر 27 ستمبر کو اقوام متحدہ جا رہے ہیں جہاں وہ کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 40 واں دن ہے، بھارتی فوج نے کشمیریوں کو عید منانے نہیں دی، یوم عاشور پر امام بارگاہوں پر حملہ کیا گیا، گزشتہ روز بھی کشمیری جمعے کی نماز ادا نہیں کرسکے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو مٹی کھلائی جارہی ہے اور ان پر بہیمانہ تشدد کیا جاتا ہے اور جب وہ نوجوان بیہوش ہو جاتے ہیں تو انہیں ہوش میں لاکر پھر تشدد کیا جاتا ہے، بھارت نے اہل کشمیر کا رابطہ دنیا سے کاٹ دیا ہے، وادی میں میں ٹی وی چل رہے ہیں نہ اخبارات چھپ رہے ہیں، بھارت پر ہندوتوا سوچ کی حکومت ہے، وہ مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیتی علاقے میں بدلنے کی بات کر رہے ہیں، وہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو کیوں ہٹائیں گے۔شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان گیدڑ بھبکیاں ہیں اور ہم ان گیڈر بھبکیوں سے نہیں ڈرتے، ہندوستان پراپیگنڈا کرے گا لیکن ہمیں اُس کا حصہ نہیں بننا چاہیے، بھارت کوشش کر سکتا ہے مگر کامیاب نہیں ہوگا مایوسی مت پھیلائی جائے، بھارت کے ناپاک عزائم ملیا میٹ ہو جائیں گے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج اور تنقید کی وجہ سے بھارتی ایجنڈے کو فائدہ ہورہا ہے، مولانا فضل الرحمان مسئلہ کشمیر کی نزاکت کو سمھجتے ہیں انہیں بھی اس مسئلے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کیا قوم کشمیر کی لڑائی لڑے یا آزادی مارچ میں جائیں؟ مولانا فضل الرحمن اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، دنیا کو ہم ہندوانہ ظالمانہ سوچ کے حوالے سے آگاہ کر رہے ہیں، ہم نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے تبھی کشمیری جدوجہد کامیاب ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 816218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش