0
Wednesday 9 Oct 2019 19:16

پاک چین مذاکرات کا دوسرا دور، چینی صدر اور وزیراعظم کے درمیان خطے کی تازہ ترین صورتحال پہ تبادلہ خیال

پاک چین مذاکرات کا دوسرا دور، چینی صدر اور وزیراعظم کے درمیان خطے کی تازہ ترین صورتحال پہ تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چین کے صدرشی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مجموعی دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے ہمراہ ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پیش کردہ موقف پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے موقف کا تذکرہ کیا، جو انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پیش کیا اور کہا کہ آپ نے ہر جگہ اور ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم نے چینی صدر کو پاکستان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سخت ترین معاشی حالات سے نکل گیا ہے اور اس سلسلے میں چین نے جو مالی تعاون کیا اس کو ہم کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے حمایت فراہم کرنے کے لئے کبھی ہمارے قومی مفاد کے خلاف کسی چیز کا مطالبہ نہیں کیا اور ہماری غیر مشروط مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کو سخت معاشی حالات سے باہر آنے کا موقع فراہم کیا، اس کے ساتھ وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت فراہم کئے گئے تعاون کو سراہا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اعلٰی سطح کے وفود کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو چین کی آزادی کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سدا بہار ہے، علاوہ ازیں وزیراعظم نے بھرپور خیر مقدم کرنے پر بھی صدر شی جنگ پنگ کا شکریہ ادا کیا۔ دورانِ ملاقات چینی صدر نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کے حوالے سے بات کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں، جو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بھی کرتے ہیں۔ قبل ازیں صدر شی جنگ پنگ نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اعلٰی سطح کے سرکاری وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر منگل کے روز چین پہنچے تھے۔ چین پہنچنے کے بعد انہوں نے بیجنگ میں عالمی تجارت کے فروغ کے لئے قائم چائنہ کونسل میں پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کیا۔ بعدازاں وزیراعطم اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کے لئے بیجنگ میں گریٹ ہال آف پیپل کا دورہ کیا، جہاں چینی وزیراعظم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ گریٹ ہال میں آمد کے موقع پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا، جبکہ افتتاحی تقریب میں پاکستان اور چین دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے تھے۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق بیجنگ کے گریٹ ہال میں وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان تفصیلی دوطرفہ مذاکرات ہوئے۔ عمران خان نے وزیراعظم لی کو تازہ ترین صورتحال، محاصرے میں گھرے کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی برادری کے فوری اقدامات کی اہمیت سے آگاہ کیا تھا۔ دوسری جانب چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے قومی دلچسپی کے اہم امور پر پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، سی پیک منصوبوں میں پیشرفت کے لئے اقدامات پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ چینی وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی مستحکم معاشی ترقی کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ کے لئے راہ ہموار کرے گا۔
 
خبر کا کوڈ : 821101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش