0
Sunday 20 Oct 2019 23:14

ضلع کرم میں بھی چہلم امام حسین علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ضلع کرم میں بھی چہلم امام حسین علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان بھر کی طرح ضلع کرم میں بھی چہلم امام حسین علیہ السلام عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، چہلم امام حسین علیہ السلام کا سب سے بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ پاراچنار سے برآمد ہوا، اس سلسلے میں صبح آٹھ بجے مرکزی امام بارگاہ سے جلوس برآمد ہوا جو کرم ملیشیا، طوری قبرستان سے ہوتا ہوا دوپہر بارہ بجے واپس مرکزی امام بارگاہ پاراچنار پہنچا، جہاں پر بعد ازاں نماز ظہرین ادا کی گئی، جس کے فوراً بعد جلوس ذوالجناح برآمد ہوا، اس موقع پر ہزاروں عزاداروں نے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی، یہ جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ہزارہ قبرستان پہنچا، جہاں پر عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے علامہ شاکر حسین  نے کہا کہ واقعہ کربلا کے بعد خاندان نبوت کی خواتین اور بچوں کو قید کرکے ہاتھوں اور گردنوں میں زنجیریں ڈال کر کربلا سے یزید کے پاس شام لے جایا گیا، حسین علیہ السلام کی بہن بی بی زینب (س) اور دیگر اسیران نے اس تکلیف دہ سفر میں بڑی صعبتیں برداشت کیں۔

انہوں نے کہا کہ کربلا حق وباطل کا ایسا معرکہ تھا کہ جہاں ایک طرف حضرت آدم علیہ السلام کا وارث امام حسین علیہ السلام تھا جبکہ دوسرے طرف شیطان کا جانشین یزید تھا، جو علی اعلان کہتا تھا کہ نہ کوئی وحی اتری ہے اور نہ قرآن نازل ہوا ہے، یہ سب بنی ہاشم کا ڈھونگ تھا۔ علماء کرام نے کہا کہ اگر سفر کربلا میں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ان کی بہن زینب علیہ السلام نہ ہوتیں تو یزید اپنے ناپاک مقصد میں کامیاب ہو جاتا، حسین علیہ السلام کی بہن نے اپنے خطبوں خاص کر یزید کے دربار کے خطبے سے کایا کو پلٹ دیا اور رائے عامہ یزید کے خلاف ہوگئی، جلوس کے لئے جگہ جگہ دودھ، شربت اور پانی کی سبیلوں کے علاوہ نیاز امام حسین علیہ السلام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ مرکزی جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاک افغان سرحد اور موبائل سروس بھی بند کی گئی تھی اور پاراچنار سمیت ضلع بھر میں سخت سیکورٹی انتطامات کئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 823124
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش