0
Sunday 27 Oct 2019 19:31

لاہور میں کشیمریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا

لاہور میں کشیمریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر کی طرح آج لاہور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے عنوان سے بھارتی مظالم کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اس حوالے سے مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے احتجاجی سیمینارز منعقد کئے جبکہ ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ماڈل ٹاون سیکرٹریٹ میں سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے خطاب کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کاحصہ ہے اور ان شاء اللہ یہی قوم میاں نواز شریف کی قیادت میں کشمیر کو آزادی کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے آج کے دن کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا اور پھر 5 اگست کو دوسری پر کشمیر پر شب خون مارا، مگر عالمی برادری یاد رکھے کہ کشمیر کا مقدر آزادی ہے۔ انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ سیمینار سے دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا جس کے ایچ بلاک سے فیروز پور روڈ تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے خصوصی شرکت کی جبکہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کی جانب سے ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے پارٹی پرچم، کشمیر کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی سرکار کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی پہنچی جہاں سے سروسز ہسپتال آئی اور رہنماوں نے میاں نواز شریف کی عیادت کی۔ جماعت اسلامی کی جانب سے بھی وحدت روڈ پر آزادی کشمیر روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت جماعت اسلامی لاہور کے رہنما احمد سلمان بلوچ نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سینیئر رہنما اعجاز چودھری کی قیادت میں لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ریلی میں شریک بچیوں نے بھارتی پرچم اور مودی کی تصاویر کو پاوں تلے رکھ کر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانئے نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھائی آزاد فضا میں سانس لے رہے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے مظالم کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ عمران خان کی کوششوں سے عالمی میڈیا میں کشمیر ہاٹ ایشو بنا ہوا ہے اور دنیا بھارت پر دباو ڈال رہی ہے کہ کشمیر سے کرفیو ختم کرے۔

لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی مختلف جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مظاہرین نے مودی سرکار سے کرفیو اٹھانے اور مقبوضہ وادی میں ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، مودی کو آج نہیں کل، کشمیر کو آزاد کرنا ہی پڑے گا۔ مظاہرین نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ کشمیر بھارتی مظالم رکوانے میں کردار ادا کریں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 824258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش