0
Monday 28 Oct 2019 21:00

اے این پی آزادی مارچ میں بھر پور شمولیت کا فیصلہ کر چکی ہے، ایمل ولی خان

اے این پی آزادی مارچ میں بھر پور شمولیت کا فیصلہ کر چکی ہے، ایمل ولی خان
اسلام ٹائمز۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن نے ولی باغ چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کی اور آزادی مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمٰن دونوں صوبائی رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر نے آزادی مارچ میں خصوصی تعاون اور شرکت پر اے این پی قائدین کا شکریہ ادا کیا، علاوہ ازیں 31 اکتوبر کے حوالے سے خصوصی لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی اپنے پروگرام کے مطابق آزادی مارچ میں شرکت کریگی، اے این پی کارکنان 31 اکتوبر کو صبح 11 بجے رشکئی انٹرچینج سے ملی مشر اسفندیار ولی خان کی قیادت میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی 200 فیصد آزادی مارچ کا حصہ ہے، جو فیصلہ مارچ کے حوالے سے اپوزیشن کے رہبر کمیٹی کا ہوگا وہی اے این پی کا فیصلہ ہوگا، الیکشنز میں اداروں کی مداخلت کے خاتمے، ملک میں جمہوریت کی بقاء، آئین کے تحفظ اور ووٹ کے تقدس کیلئے اے این پی آزادی مارچ کا حصہ ہے۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ 2013ء کے بعد یہ دوسری بار ہے کہ اے این پی کا مینڈیٹ چوری کیا جا رہا ہے، اے این پی اور سیاسی پارٹیاں کب تک یہ برداشت کرتی رہیں گی کہ اُن کا مینڈیٹ چوری کر کے مقتدر قوتیں اپنے من پسند لوگوں کو اقتدار حوالہ کریں۔ ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں پورے ملک کا چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم تھا، جبکہ اے این پی امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ وزیرستان میں بیٹھا حکیم اللہ محسود کر رہا تھا، اس کے باوجود بھی اے این پی نے جمہوریت کی مضبوطی کی خاطر الیکشن کے نتائج تسلیم کئے، اس بار دہشت گردوں کی جگہ ہمارے بکسے اُن لوگوں نے چوری کئے جنہوں نے عمران خان کو اقتدار حوالہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی مارچ میں بھر پور شمولیت کا فیصلہ کر چکی ہے، اگر اے این پی کو روکا گیا تو صوبے کے ہر ضلع کو بند کردیں گے۔ جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر نے اپنی گفتگو میں اے این پی قائدین کا مارچ میں مکمل تعاون اور شرکت پر شکریہ ادا کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ملک میں اصل جمہوریت کی بحالی اور ووٹ کا تقدس یقینی بنانے تک مارچ جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 824405
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش