0
Thursday 31 Oct 2019 11:08

پیر سے خیبر پختونخوا بھر میں ہسپتال کے سامنے مین روڈ بند کیا جائیگا، گرینڈ ہیلتھ الائنس

پیر سے خیبر پختونخوا بھر میں ہسپتال کے سامنے مین روڈ بند کیا جائیگا، گرینڈ ہیلتھ الائنس
اسلام ٹائمز۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں گرینڈ ہیلتھ آلائنس خیبر پختونخوا (جی ایچ اے) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پوری صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کیلئے منصوبہ بندی کی گئی۔ اس حوالے سے ترجمان جی ایچ اے کا کہنا تھا کہ آج پورے صوبے میں ہسپتالوں کی بندش کا 36 واں دن تھا، اجلاس میں حکومت کی عدم دلچسپی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے یہ فیصلہ کیا گیا کہ کل بھی احتجاج بدستور جاری رہے گا، تمام الیکٹیو سروسز بمع پولیو مہم پورے صوبے میں بدستور بند رہے گی، نجکاری ایکٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا آج شام تک انتظار کیا جائے گا، کل سے لائحہ عمل دینے میں ہم آزاد ہونگے، نہیں چاہتے مذاکراتی عمل خراب ہو لیکن حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا، احتجاج جاری رہے گا اور اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ ترجمان کے مطابق 2 نومبر کو ہر ضلع کے گرینڈ ہیلتھ آلائنس نمائندگان کا اجلاس ہوگا جس میں فائنل پلان کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پیر سے صوبہ بھر میں ہسپتال کے سامنے مین روڈ بند کیا جائے گا، ایمرجنسی علاج کے وسائل کے حوالے سے triage سسٹم متعارف کرانے اور اِن ڈور سروسز کے بائیکاٹ کے حوالے سے مشاورت اور حتمی فیصلہ بھی ہفتے کے دن کیا جائے گا۔

ترجمان جی ایچ اے نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل انتقامی کاروائیاں جاری ہیں، آج کرک میں بھی انتقامی ٹرانسفر کئے گئے ہیں، حکومت کے ہر آمرانہ قدم کا مقابلہ کرینگے، نجکاری ایکٹ ہر صورت واپس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع روزانہ کی بنیاد پر مقامی اخبارات میں پریس ریلیز سمیت عوام کو نجکاری کے حوالے سے آگاہی کا مکمل انتظام کیا جائے گا۔ دوسری جانب چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع کے جی ایچ اے روزانہ کی بنیاد پر نجکاری کے خلاف اور کامیاب احتجاج کے بارے مقامی پریس کلب کو پریس ریلیز جاری کیا کریں، پیر کے دن روڈ سائیڈ ہڑتال کیلئے تیاری کی جائے اور موثر انداز میں منصوبہ بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے اپنی ہدایات میں مزید کہا ہے کہ ڈاکٹر سراج السلام لودھی جی ایچ اے سنٹر کے کوآرڈنیشن سیکرٹری ہوں گے، ہر قسم کی انتقامی سرگرمیوں، جی ایچ اے کی سرگرمیوں اور دیگر تفصیلات کے حوالے سے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہدایت کی کہ اپنے ضلعی ہسپتال کے ایمپلائیز کے ساتھ مل کر احتجاج کو مزید موثر بنائیں، انتقامی کارروائیاں ہم مسترد کرتے ہیں، اپنا جدوجہد جاری رکھیں، کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 824827
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش