0
Saturday 2 Jul 2011 20:09

غیروں کی دھمکیوں کا جواب نہ دیا تو دنیا میں پاکستان کا نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا، شہباز شریف

غیروں کی دھمکیوں کا جواب نہ دیا تو دنیا میں پاکستان کا نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا، شہباز شریف
لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شمسی ائیر بیس معاملے پر غیروں کی دھمکیوں کا جواب نہ دیا تو دنیا میں ہمارا نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا، قوم متحد نہ ہوئی تو اغیار کا دباؤ بڑھتا جائیگا، کرپشن نے ہر جگہ ڈیرے ڈال دیئے ہیں، ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ان کا ازالہ کرنا ہو گا، 2 مئی آپریشن پر صدر، وزیراعظم نے مبارکباد کے خط اور عظیم فتح قرار دی۔ لاہور میں پاکستان پائندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ عوام کو شکایت انہی جنرلوں سے ہے جنہوں نے جمہوریت پر شب خون مارا۔ ان جرنیلوں سے نہیں جو وفادار ہیں، پاکستان کی فوج بہادر ترین اور دنیا کی مانی ہوئی بہترین فوج میں سے ایک ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج اور پولیس کا قرض نہیں اتار سکتے، جس طرح انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا ہے، ہماری فوج پولیس نے اس جنگ میں 35 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ سیاستدان کرپشن میں ملوث ہیں، کیا کرپشن جرنیلوں، عدلیہ اور حکومتی اداروں میں نہیں ہو رہی، کرپشن نے ہر جگہ ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد شاید قوم نے ایسے حالات کا سامنا نہیں کیا ہو گا، پاکستان 63 سال کے بعد نازک ترین صورت حال سے گزر رہا ہے، سیاستدانوں اور جرنیلوں کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور ان غلطیوں کو تسلیم کر کے ان کا ازالہ کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ قوموں کی صفوں میں پاکستان کو اگر مقام دلانا ہے، ماضی کی غلطیوں کو بھلا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا، وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ ہماری سرحدوں کے خلاف ورزی کی گئیں، غیر ہماری سرزمین پر وار کر تے رہے، لیکن ہمیں خبر تک نہیں ہوئی، ایبٹ آباد آپریشن میں اغیار نے ہماری سرحد کے اندر گھس کر آپریشن کیا، ہمارے صدر اور وزیراعظم نے اس آپریشن پر خط لکھ کر مبارکبادیں اور یہاں تک کہ وزیراعظم نے دو مئی کے آپریشن کو عظیم کامیابی اور فتح کا نام دے دیا، کتنے افسوس اور دکھ کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمسی ائیر بیس کو خالی کرنے کا حکم دیا تو اغیار کی طرف سے جواب آیا کہ جرات کس طرح ہوئی، لیکن حکومت خاموشی سے بیٹھی رہی، آج اس نازک مرحلے پر قوم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہو کر اغیار کی ان دھمکیوں کا منہ توڑ جواب نہ دیا تو ہمارا دنیا میں نام لینے والا کوئی نہیں ہو گا، اس مشکل وقت میں اگر قوم متحد نہ ہوئی تو اغیار کا ہمارے اوپر دباؤ بڑھتا جائیگا، آج قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ عزت کی موت مریں گے، ذلت کی زندگی قبول نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ چین ہمارے دو سال بعد آزاد ہوا، آج وہ غیروں کو ناکوں چنے چبوا رہا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 82483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش