0
Saturday 9 Nov 2019 22:45

عالمی برادری شام میں غیر قانونی موجودگی ختم کرنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالے، شام و روس

عالمی برادری شام میں غیر قانونی موجودگی ختم کرنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالے، شام و روس
اسلام ٹائمز۔ شام اور روس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ شامی سرزمین سے امریکی غیرقانونی موجودگی کو مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالا جائے۔ تفصیلات کے مطابق شامی پناہ گزینوں کی واپسی کے بارے میں گفتگو کرنے والے شام اور روس کے دو اعلی سطحی وفود نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری شام میں غیرقانونی موجودگی کو ختم کرنے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالے۔

شام اور روس کے اعلی سطحی وفود کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ شام کے الرکبان نامی مہاجر کیمپ میں موجود پناہ گزینوں کی پرامن منتقلی کی ضمانت قبول کرنے سے انکاری ہے جبکہ یہ مسئلہ پناہ گزینوں کی اپنے علاقوں میں منتقلی میں اصلی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ مذکورہ بالا بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کیطرف سے دیئے گئے روڈمیپ کے تیسرے مرحلے کو لاگو کرنے پر شام اور روس کی مکمل تیاری ہونے کے باوجود امریکی نہ صرف اُن دہشتگردوں کی حمایت سے ہاتھ نہیں اٹھا رہے جو الرکبان کیمپ میں موجود اپنے اہل و عیال کے ہمراہ علاقہ ترک کرنا چاہتے ہیں بلکہ انکے اہل و عیال کو ڈرا دھمکا اور بلیک میل بھی کر رہے ہیں جسکی وجہ سے اقوام متحدہ کا الرکبان کیمپ سے غیرفوجی افراد کے انخلاء کا منصوبہ معطل ہو کر رہ گیا ہے۔

واضح رہے کہ شام اور روس کیطرف سے امریکہ کو بارہا علاقہ خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے کیونکہ امریکہ کیطرف سے اپنی ذمہ داریوں کی عدم ادائیگی کیوجہ سے الرکبان مہاجر کیمپ کو دہشتگردوں کیطرف سے انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جو التنف نامی شامی علاقے میں واقع ہے اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کے اس علاقے سے غیرفوجی افراد کے انخلاء کے منصوبے کو بھی تاحال عملی جامہ پہنایا نہیں جا سکا اور نہ ہی اس علاقے کو آزاد کروایا جا سکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 826512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش