0
Wednesday 13 Nov 2019 19:49

نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانا غیر آئینی اقدام ہے، معصوم نقوی

نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانا غیر آئینی اقدام ہے، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت دینا ریاست کی دوغلی پالیسی اور غیر آئینی اقدام ہے۔ سزا یافتہ قیدی کو علاج کی خاطر بیرون ملک بھجوانے کی مثال کسی جمہوری ملک میں نہیں ملتی۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے، جہاں امیروں کو سہولت دینے کیلئے قانونی اور غیر قانونی راستے نکال لئے جاتے ہیں جبکہ غریب قیدی جیلوں کے اندر گل سڑ رہے ہیں، اپنی ضرورت کے تحت حکومتیں قانون اور آئین کو امیروں کے گھر کی لونڈی بنا دیتی ہیں اور انہیں سہولیات دینے کیلئے ناجائز طریقے بھی استعمال کر لئے جاتے ہیں۔ کتنے لوگ ہیں، جو جیلوں میں گل سڑ رہے ہیں اور انہیں بیرون ملک علاج کی سہولت ایک طرف انہیں تو پاکستان کے ہسپتالوں میں بھی علاج کی غرض سے نہیں بھجوایا جاتا، مگر قومی دولت لوٹنے والے کرپٹ دولت مندوں، صنعتکاروں اور حکمران طبقے کیلئے تمام سہولیات دستیاب کر دی جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

پیر معصوم نقوی نے کہا کہ سزا یافتہ ایک امیر قیدی نواز شریف کیلئے تمام آئینی اور قانونی راستے نکالے جا رہے ہیں، تاکہ انہیں ملک سے باہر بھجوایا جا سکے اور افسوس ناک بات تو یہ بھی ہے کہ تمام ادارے اس غیر آئینی اقدام میں ایک پیج پر ہیں، کسی طرف سے کوئی مخالفانہ آواز نہیں آرہی، نواز شریف کیلئے تمام سہولیات مہیا کر دی گئی ہیں، مگر غریب قیدیوں کیلئے کوئی سہولت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام وزیراعظم عمران خان سے پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ ان کے احتساب کے دعوے کہاں گئے؟ وہ جو عمران خان نے این آر او چھپا کر رکھا ہوا تھا اور کہتے تھے کہ مر جاوں گا، نہیں دوں گا، وہ کیوں باہر نکل آیا ہے؟ لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے، امیروں کی خاطر تمام راستے نکالے جاتے ہیں جبکہ غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، اگر نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کی اجازت دینی ہے تو دس ہزار قیدیوں کو بھی دی جائے، جنہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک علاج کے لیے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور عدالت نے انہیں چیف سیکرٹری کو بھجوا دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 827078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش