0
Monday 4 Jul 2011 23:24

گرینڈ الائنس،ن لیگ کی دعوت پر سیاسی جماعتوں کی ہچکچاہٹ

گرینڈ الائنس،ن لیگ کی دعوت پر سیاسی جماعتوں کی ہچکچاہٹ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے گرینڈ الائنس میں شرکت کی دعوت کے بعد ایم کیو ایم سمیت حزب اختلاف کی جماعتیں کسی واضح فیصلے پر پہنچنے میں ناکام ہیں جبکہ حکمران جماعت صبر کا مشورہ دیتے ہوئے نواز شریف کو الیکشن کا انتظار کرنے کا مشورہ دے رہی ہے۔ ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی کے بعد ملکی سیاست میں تیزی آگئی ہے۔ مسلم لیگ نون نے اپوزیشن جماعتوں کے سامنے وسیع تر اتحاد کا آپشن رکھ دیا۔ مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کو ہٹانے کے لئے ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، ہم خیال مسلم لیگ، پیپلز پارٹی شیر پاؤ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایم کیو ایم کسی فوری فیصلے کا اعلان کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ اس کا موقف ہے کہ وہ حکومت کو ہٹانے کی کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، لیکن ملکی حالات کی بہتری کے لیے گرینڈ الائنس بنانے پر کو ئی اعتراض نہیں۔ 
دوسر ی طرف جے یو آئی فضل الرحمٰن، تحریک انصاف حتٰی کہ جماعت اسلامی نے بھی ابھی تک نواز شریف کی پیشکش کا جواب نہیں دیا۔ ان جماعتوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ابھی مشاورتی عمل جاری ہے اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے بعد مسلم لیگ نون کی پیشکش پر ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔ ادھر حکومت بھی اپنے پتے پوری طرح کھیلتے دکھائی دے رہی ہے۔ ویسے تو حکومت نے ایم کیو ایم کی بار بار ناراضی کے تجربے کے بعد نمبرز گیم محفوظ بنانے کیلئے مسلم لیگ قاف کو ساتھ ملا لیا تھا، تاہم حکومت کی کوشش یہ بھی دکھائی دے رہی ہے کہ ایم کیو ایم بھی ہاتھ سے نہ نکلنے پائے اور کوئی جاندار اپوزیشن اتحاد نہ بن پائے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کو ہٹانے کے لئے ایم کیو ایم، جماعت اسلامی، ہم خیال مسلم لیگ، پیپلز پارٹی شیر پاؤ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو ایم کیو ایم، جاوید ہاشمی اور راجہ ظفرالحق کو جماعت اسلامی، اقبال ظفر جھگڑا اور احسن اقبال کو ہم خیال اور شیر پاؤ سے رابطے کر کے اعلی قیادت کو رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔ تحریک انصاف سے فی الحال کوئی رابطہ نہیں کیا جائے گا جبکہ جمعیت علماء اسلام ف کے ساتھ رابطے نہ ہونے کی وجہ پارٹی قیادت کے تحفظات بتائے جائے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 82955
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش