0
Wednesday 18 Dec 2019 16:18

سانحہ اے پی ایس نے ہم سب کو دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنایا، علی حسین نقوی

سانحہ اے پی ایس نے ہم سب کو دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنایا، علی حسین نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کی صبح دہشتگردوں نے پشاور میں واقع آرمی پبلک اسکول میں داخل ہوکر خون ریزی اور ظلم و بربریت کی وہ داستان رقم کی جس نے ہر انسان کو اشکبار کردیا، آج اس سانحہ کو پانچ سال گزر گئے ہیں لیکن آج بھی اس سانحے کا غم تازہ ہے، اسی طرح 16 دسمبر 1971ء سقوط ڈھاکہ بھی ایک سیاہ ترین دن تھا، جب دشمن نے عیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشرقی پاکستان کو ہم سے جدا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے کراچی میں امام بارگاہ شاہ خراسان کے سامنے اے پی ایس (سانحہ پشاور) کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے پی ایس کے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء پاکستان کی بلندی درجات کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ سید علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ دشمن کی جانب سے سانحہ اے پی ایس جیسی دہشت گرد کاروائیوں سے ہمارے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس سانحے نے ہمیں نہ صرف یکجا اور متحد کیا بلکہ دشمن کے خلاف تمام مکاتب فکر کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنادیا۔

علی حسین نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی تا خیبر دہشت گردی اور انتہاپسندی کا پاکستانی فوج نے عوام کے ساتھ مل کر قلع قمع کیا، عسکری قوتوں کی انتھک محنت قربانیوں لگن اور سیاسی قوتوں کے بہترین فیصلوں کے نتیجے میں آج کراچی سمیت ملک کے طول و عرض  میں امن و امان بحال ہوچکا ہے۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء میجر قمر عباس رضوی، آل اورنگی مساجد و امام بارگاہ کے صدر مزمل کاظمی، سماجی رہنما رضی رضوی، مولانا سجاد شبیر، ہیت آئمہ مساجد کے رہنماء مولانا نعیم الحسن، بوہری کمیونٹی کے رہنماء منصور جیک بھائی اور مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے رہنماء مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، صوبائی رہنماء ناصر حسینی سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 833499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش