0
Thursday 7 Jul 2011 11:07

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے صدر اور وزیراعظم احکامات جاری کریں، ایم کیو ایم

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے صدر اور وزیراعظم احکامات جاری کریں، ایم کیو ایم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیو ایم کے ہمدردوں اور کارکنان کے عزیز و اقارب کی ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات اور دہشت گردوں کی شہریوں کو قتل و غارت گری کا نشانہ بنانے اور آبادیوں میں گھس کر مکانات کو نذر آتش کرنے کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو لگام نہ دی گئی تو تمام تر حالات کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہو گی، ایم کیو ایم اپنا جمہوری حق استعمال کرے گی۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں قصبہ کالونی، اورنگی ٹاؤن، پرانی سبزی منڈی، سہراب گوٹھ، اور کٹی پہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں قتل وغارت گری کی وارداتوں میں 22 سے زائد معصوم شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ پولیس و انتظامیہ دہشت گردی کی روک تھام اور شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جو قابل مذمت ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک جانب کراچی کے مخصوص علاقوں میں یکطرفہ فائرنگ کا نشانہ بنا کر بسوں سے اتر کر اور گھروں میں گھس کر بے گناہ معصوم شہریوں کو قتل و غارت گری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب پولیس و انتظامیہ دہشت گردوں کے کمین گاہوں پر کارروائی کرنے بجائے الٹا دہشت گردوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہیں، جس سے شہریوں میں شدید غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جمہوریت پسند جماعت ہے، جو کسی بھی ظلم و زیادتی کے خلاف پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے اور اگر ایم کیو ایم نے اپنا جمہوری حق استعمال کیا تو اس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہو گی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جو کراچی دشمن عناصر کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب کر کے آپریشن کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ جہاں سے اسلحہ کی ترسیل کی جاتی ہے وہاں آپریشن سے کیوں کراتے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ وارداتوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور کراچی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے کراچی میں حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالٰی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے، رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 83436
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش