اسلام ٹائمز۔ حکومت نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 9 سال تک بیگمات کے نام پر غریبوں کا حق کھانے والے سرکاری افسران کو نوکریوں سے برطرفی کیلئے شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔ بےنظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران کے فراڈ کا معاملہ، حکومت نے ملوث سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ سرکاری ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں، جن میں 9 سال تک بیویوں کے نام پر غریبوں کا حق کھانے سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بیگمات کو انرول کرانے والے افسران کو جواب دہی کے لئے 10 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے پر ملازمتوں سے برطرفی عمل میں لائی جائے گی۔