0
Monday 11 Jul 2011 19:26

2010-11 کے دوران پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ، 3 ارب 84 کروڑ یونٹ زائد بجلی پیدا ہوئی

2010-11 کے دوران پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ، 3 ارب 84 کروڑ یونٹ زائد بجلی پیدا ہوئی
لاہور:اسلام ٹائمز۔ واپڈا کے پن بجلی گھروں سے مالی سال 2010-11 کے دوران 31 ارب 45 کروڑ یونٹ سے زائد بجلی پیدا ہوئی۔ بجلی کی یہ پیداوار مالی سال 2009-10 کے مقابلے میں 3 ارب 84 کروڑ یونٹ زیادہ ہے۔ بجلی کی یہ اضافی پیداوار پن بجلی گھروں کی مؤثر دیکھ بھال اور مذکورہ عرصہ کے دوران آبی ذخائر میں پانی کی زائد مقدار کی وجہ سے ممکن ہوئی، واپڈا کی جانب سے کم لاگت پن بجلی کی اِس اضافی پیداوار کی وجہ سے قومی خزانے کو مالی سال 2010-11 کے دوران تقریباً 41 ارب 64 کروڑ روپے کی بچت ہوئی، جو کہ تھرمل ذرائع سے بجلی کی اتنی ہی مقدار پیدا کرنے پر اضافی خرچ کرنا پڑتے۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2010-11 کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے مجموعی طو ر پر 31 ارب 45 کروڑ یونٹ جبکہ مالی سال 2009-10 میں 27 ارب 61 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق مالی سال 11۔2010 میں ملک کے سب سے بڑے پن بجلی گھر یعنی تربیلا سے 15 ارب 83 کروڑ 30 لاکھ یونٹ جبکہ مالی سال 2009-10 کے دوران 13 ارب 83 کروڑ 30 لاکھ یونٹ پیدا ہوئے۔ پاکستان کے دوسرے بڑے پن بجلی گھر غازی بروتھا سے مالی سال 2010-11 کے دوران 7 ارب 35 کروڑ 60 لاکھ یونٹ جبکہ مالی سال 2009-10 کے دوران 6 ارب 71 کروڑٰ 50 لاکھ یونٹ اور تیسرے بڑے پن بجلی گھر یعنی منگلا سے مالی سال  11۔2010 کے دوران 5 ارب 95 کروڑ 30 لاکھ یونٹ جبکہ مالی سال 2009-10 کے دوران 4 ارب 63 کروڑ 80 لاکھ یونٹ بجلی حاصل ہوئی۔
اسی طرح وارسک اور دیگر پن بجلی گھروں سے مالی سال 11۔2010 کے دوران 2 ارب 30 کروڑ 80 لاکھ یونٹ جبکہ مالی سال 2009-10 کے دوران 2 ارب 42 کروڑ 50 لاکھ یونٹ حاصل ہوئے،یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ اس وقت پن بجلی کی پیداواری صلاحیت تقریباً ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ ہے، جو تمام ذرائع سے بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت کا تقریباً ایک تہائی ہے۔ بجلی کے قومی نظام میں کم لاگت پن بجلی کے تناسب کو بڑھانے کے لئے واپڈا ایک مربوط پروگرام کے تحت متعدد منصوبے ترجیحی بنیاد پر تعمیر کر رہا ہے۔ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل پر پن بجلی کی پیداواری صلاحیت میں ڈیڑھ ہزار میگاواٹ مزید اضافہ ہو جائے گا۔
زیرتعمیر منصوبوں کے علاوہ 4500 میگاواٹ کے دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں 20 ہزار میگا واٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے مختلف منصوبے بھی واپڈا کے زیر عمل ہیں۔ یہ منصوبے انجینئرنگ ڈیزائن کے اگلے مراحل میں ہیں۔ اِن منصوبوں میں 1350 میگاواٹ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ، 7100 میگا واٹ بونجی، 4320 میگاواٹ داسو اور 740 میگاواٹ منڈا ڈیم پراجیکٹ قابلِ ذکر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 84320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش