0
Sunday 16 Feb 2020 23:13

گلگت، عوامی ایکشن کمیٹی کا آرڈر کے معاملے پر اے پی سی بلانے کا اعلان

گلگت، عوامی ایکشن کمیٹی کا آرڈر کے معاملے پر اے پی سی بلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان نے آرڈر کے معاملے پر اے پی سی بلا کر قومی بیانیہ پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی آرڈر یا سیٹ اپ کو صوبائی اسمبلی سے گزار کر ہی نافذ کیا جائے، آرڈر کو اسمبلی میں زیر بحث لا کر پبلک کیا جائے اور عوام کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ اے اے سی نے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر قومی بیانیہ پیش کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی جنرل باڈی کا اجلاس گلگت میں ہوا، جس میں کمیٹی کے پچاس سے زائد اراکین اور دیگر اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا سلطان رئیس نے کہا کہ قوم کے ساتھ مذاق اب بند ہونا چاہیے، سپریم کورٹ نے جی بی کے تشخص کو واضح کیا ہے، اس فیصلے کے تحت متنازعہ خطوں کے حقوق دیئے جائیں، ہم نے آرڈر کو پہلے بھی مسترد کیا تھا اب بھی مسترد کرتے ہیں۔ جوڈیشل آرڈر کے ذریعے ذبان پر تالہ بندی قبول نہیں۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکریٹری پروفیسر سید یعصوب الدین نے کہا کہ جی بی میں ملازمتوں کے طریقہ کار کو آزاد کشمیر طرز پر کیا جائے، ہمارے قدرتی وسائل پر قانون سازی کا حق اسمبلی سے اٹھانے کی صورت میں سخت رد عمل دیا جائے گا۔ ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین فدا حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھائی چارے کے فروغ کے لئے کام کرتے ہوئے عوامی حقوق کے لئے بھی کام کیا جائے گا اور ہر سطح پر اپنے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر کریم خان نے کہا کہ آرڈر کو ہم مسترد کرتے ہیں، اب عوام کو بنیادی، سیاسی حقوق دیئے جائیں، ہم اپنے حقوق کے لئے ایک ہیں۔ انجمن تاجران کے مرکزی صدر محمد ابراہیم نے کہا کہ اے اے سی نے جو قدم اٹھایا ہے وہ قومی کام ہے اور اس کام میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ غلام اصغر، شاہ جہان، راجہ ناصر نے کہا کہ اے اے سی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اے پی سی بلائی جائے اور ایک قومی بیانیہ پیش کیا جائے۔ کے این ایم کے رہنما ممتاز نگری، بی این ایف کے رہنما یوسف ناشاد نے کہا کہ ہم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئے اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری مالیات اجمل حسین نے کہا کہ آرڈر 2020ء پر حفیظ الرحمن نے خود دستخط کئے ہیں، منافقت نہ کی جائے۔ پی پی پی نے بھی مراعات لی ہیں لیکن ہم نے یہ کام نہیں کرنا، جو بھی سیٹ اپ آئے گا اس کو عوام کے سامنے لا کر عوام سے مشاورت کرنی ہے اور عوام کی رائے کو ترجیح دی جائے گی۔ جماعت اسلامی ضلع گلگت کے امیر مولانا تنویر حیدری نے کہا کہ ہم آرڈر کو اس لئے مسترد کرتے ہیں کہ اس کا طریقہ کار غلط ہے۔ جی بی کے عوام سے پوچھ کر ہی کوئی سیٹ اپ لایا جائے۔ جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات عابد اقبال نے کہا کہ جو بھی سیٹ اپ آئے گا اس کا مطالعہ کر کے جے یو آئی اپنا موقف دے گی، اس سے قبل اے پی سی بلائی جائے تاکہ قوم ایک چھتری تلے جمع ہو سکے۔ مالک اشتر، شیر دل زمان، عبد اللہ، معراج، شیر علی، محمد فاروق، غلام عباس، حکم خان اور دیگر نے کہا کہ ہم عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہیں۔ جی بی کونسل ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والا ادارہ ہے، اسے ہم قبول نہیں کرتے ہیں، ہم اپنی ملکیتی زمینوں کی بندر بانٹ ہونے نہیں دینگے، لینڈ ریفارمز ایکٹ کو ہم مسترد کرتے ہیں، ایکٹ کو اسمبلی میں پیش ہونے نہیں دینگے اور اپنے قدرتی وسائل کا تحفظ کرینگے۔ ہم عوامی ایکشن کمیٹی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، جو بھی عوامی ایکشن کمیٹی حکم دے گی اس پر ہم جان کی بھی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں اور اے پی سی کے ذریعے جو بھی قومی بیانیہ سامنے آئے گا اس کے لئے ہم ہر سطح پر کام کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 844951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش