1
Monday 17 Feb 2020 09:42

عراق، مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کیخلاف خطرناک ترین داعشی منصوبہ ناکام بنا دیا گیا

عراق، مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کیخلاف خطرناک ترین داعشی منصوبہ ناکام بنا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ عراقی جوائنٹ آپریشن کمانڈ سنٹر نے بغداد سمیت متعدد عراقی شہروں میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے تیار کئے گئے داعشی منصوبے کو ملکی سیکیورٹی فورسز کیجانب سے ناکام بنا دیئے جانے کی خبر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عراقی مشترکہ آپریشن کمانڈ سنٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل تحسین الخفاجی نے عرب نیوز چینل "المعلومہ" کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی انٹیلیجنس کے ذیلی ادارے "الصقور" نے ایک داعشی دہشتگرد گروپ کو اپنی وسیع نگرانی کے بعد گرفتار کر لیا ہے جس کے اہداف میں سے ایک بغداد سمیت متعدد عراقی شہروں کے احتجاجی مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کو اپنے بم دھماکوں کا نشانہ بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار داعشی دہشتگرد گروپ سے وسیع معلومات حاصل کی گئی ہیں جنکی بنیاد پر دہشتگردوں کیطرف سے ملک و قوم کیخلاف جاری بہت سے خطرناک منصوبوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل تحسین الخفاجی نے کہا کہ آنے والے کچھ دنوں میں عراقی انٹیلیجنس کے ذیلی ادارے "الصقور" (جو عراقی وزارت داخلہ کے تحت کام کرتا ہے) کیطرف سے اعترافات پر مشتمل اس داعشی گروہ کی ویڈیوز قومی ٹیلی ویژن نیٹورک پر نشر کر دی جائیں گی۔ عراقی مشترکہ آپریشن کمانڈ سنٹر کے ترجمان نے کہا کہ داعش کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور اب وہ ان علاقوں میں چھوٹے موٹے گروپس کی شکل میں پراکندہ کارروائیاں کرنے کی کوشش میں ہے جو اسکے خیال میں عراقی سیکیورٹی فورسز و انٹیلیجنس کی دسترس سے دور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کئے جانیوالے "ابطال العراق" (عراقی دلیر سپوت) نامی کلین سویپ آپریشن نے دہشتگردوں کے ایسے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیا ہے جبکہ اس آپریشن کے ذریعے عراق اور شام کے درمیان موجود سرحد بھی پوری طرح سے پر امن بنا دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں عراقی انٹیلیجنس چیف اور "الصقور" انٹیلیجنس ادارے کے سربراہ ابوعلی البصری نے بھی عراقی اخبار "الصباح" کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے عراق میں دہشتگردوں کے خطرناک ترین منصوبے کے ناکام بنا دیئے جانے کی اطلاع دی تھی جس کے تحت دہشتگرد بغداد سمیت متعدد عراقی شہریوں میں اپنے بم دھماکوں کے ذریعے وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرین و عراقی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں، سرحدوں کے پار سے دہشتگردوں کی رفت و آمد پر کنٹرول پانے کیلئے عراقی سکیورٹی فورسز نے شام اور اردن کیساتھ اپنی مشترکہ سرحد پر روس ساختہ "پینٹسیر-ایس1" میزائل سسٹمز نصب کرنے کی خبر دی تھی جس کے بعد عراق میں بکھرے باقیماندہ داعشی گروپس کیخلاف عراقی فورسز کیطرف سے "ابطال العراق" نامی کلین سویپ آپریش کا آغاز کر دیا گیا تھا جو تاحال جاری ہے جبکہ 3 روز قبل ہی اس آپریشن کے پہلے مرحلے کے کامیابی کیساتھ مکمل کر لئے جانے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 844987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش