1
Tuesday 18 Feb 2020 02:58
صدی کی ڈیل

امریکہ سے ہر قسم کے رابطے کا خاتمہ فلسطینی قوم کا اولین مطالبہ ہے، حماس

امریکہ سے ہر قسم کے رابطے کا خاتمہ فلسطینی قوم کا اولین مطالبہ ہے، حماس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان "فوزی برہوم" نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ فلسطینی حکام اور انٹیلیجنس ایجنسیز کے اہلکاروں کی امریکی جاسوس تنظیم سی آئی کے ایجنٹس کیساتھ ملاقاتیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ فلسطینی حکومت اور انٹیلیجنس ایجنسیز تاحال امریکہ پر تکیہ کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس تنظیم کیساتھ فلسطینی حکومت اور ریاستی اداروں کی ایک ایسے وقت میں ملاقاتیں جاری ہیں جب "صدی کی ڈیل" نامی سازش کو عملی جامہ پہنانے اور فلسطینی امنگوں کو پائمال کرنے میں امریکی کردار کھل کر سامنے آ چکا ہے۔

حماس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تعلقات ظاہر کرتے ہیں کہ فلسطینی حکومت کیطرف سے امریکہ کیساتھ ہر قسم کے رابطوں کے منقطع کئے جانے کے باوجود صدر محمود عباس اس حوالے سے تاحال سنجیدہ نہیں ہوئے۔ فوزی برہوم نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس کیطرف سے امریکہ کیساتھ ہر قسم کے رابطے کے خاتمے پر مبنی بیانات صرف ایک دکھاوا ہے جبکہ اس حوالے فلسطینی قوم کی امنگوں کے مطابق تاحال کوئی ٹھوس اقدامات اٹھائے نہیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کیساتھ ہر قسم کے رابطے کا خاتمہ فلسطینی قوم کا اولین مطالبہ ہے کیونکہ امریکہ کیساتھ کسی بھی قسم کا تعلق باقی رکھنا ہماری قوم، اسکے حقوق اور اصولوں کیلئے خطرناک نتائج کا حامل ہے۔

حماس کے ترجمان نے فلسطینی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ اور غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کیساتھ استوار اپنے تمام روابط کو عملی طور پر ختم کر کے فلسطینی سیاسی سلسلے کا رخ "صدی کی ڈیل" کیساتھ مقابلے اور فلسطینی قومی مفاد کی حمایت پر مبنی ایک قومی مفاہمت کیطرف موڑے۔ واضح رہے کہ اسی حوالے سے حازم قاسم نے بھی گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے اس بیان کہ "صدی کی ڈیل" میں مثبت نکات پائے جاتے ہیں جو مذاکرات کی بنیاد بن سکتے ہیں، کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت امریکی و صیہونی سازشوں کی وکالت کر کے فلسطین کو برباد کرنے کے جرم میں انکے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
خبر کا کوڈ : 845186
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش