0
Sunday 23 Feb 2020 15:53

اصغریہ خواتین تحریک کے سالانہ مرکزی کنونشن کا خیرپور میرس میں انعقاد

اصغریہ خواتین تحریک کے سالانہ مرکزی کنونشن کا خیرپور میرس میں انعقاد
اسلام ٹائمز۔ اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک پاکستان کا چوتھا سالانہ مرکزی کنونشن بعنوان تربیت اولاد و یوم فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بنگل خان چانڈیو ضلع خیرپور میرس میں جاری ہے۔ مرکزی کنونشن کے اختتام میں اصغریہ خواتین تحریک کی نئی مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک کے مرکزی کنونشن میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، مٹیاری، سکرنڈ، نواب شاہ، مورو، نوشہرو فیروز، کنڈیارو، رانی پور، خیرپورمیرس، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، مہیڑ، کے این شاہ، دادو سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں سے خواتین کارکنان شریک ہیں۔ کنونشن کے آغاز میں افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے مرکزی صدر نصرت علی نے کہا کہ آج کے معاشرے کا المیہ یہ بھی ہے کہ تربیت کا فقدان ہے، کیونکہ ہم نے الہیٰ نظام کے ذریعے ملنے والی نعمتوں کی قدر نہ کی، نتیجہ یہ ہوا ہے کہ آج معاشرہ پستی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکتب اہل بیتؑ میں معاشرے کے افراد بالخصوص نوجوانوں کو اطاعت کی تربیت دینا ضروری ہے اور یہ کہ اس کی ذمہ داری فقط والدین پر نہیں ہے، اگرچہ انکا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، بلکہ اس کا دائرہ اس سے بھی زیادہ وسیع ہے اور یہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔

دوسرے روز کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، حمد باری تعالیٰ اور نعت و منقبت کے بعد ملک بھر سے آئے جید علماء کرام، دانشور حضرات، اصغریہ خواتین کی مرکزی عہدیداران نے خطاب کئے۔ اس دوران اضلاع، ڈویژں اور مرکز کی سالانہ کارکردگی رپورٹس بھی پیش کی گئیں، جبکہ احتساب کا مرحلہ بھی ہوا۔ مختلف نشتوں میں موضوعاتی دروس، علمی اور فکری نشستیں اور اجتماعی مباحثے بھی ہوئے۔ مرکزی کنونشن میں چیئرمین اصغریہ تحریک انجینئر سید حسین موسوی نے تربیت اولاد میں ماں کے کردار کے عنوان پر جامع لیکچر دیا۔ سوالات و جوابات کے بعد نماز مغربین و طعام کے اہتمام کیا گیا۔ کنونشن کے آخری روز 23 فروری کو اسلامی یوم عالم خواتین کے مناسبت سے یوم فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کا جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں علمائے کرام خطاب کرینگے، جبکہ نئے سال کیلئے اصغریہ خواتین کی نئے میر کارواں کا اعلان کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 846269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش