0
Wednesday 4 Mar 2020 00:22

 میڈیا پر مصنوعات بیچنے کے لئے عورت کی خوبصورتی کو استعمال کرنا عورت کی توہین ہے، فوزیہ عرفان 

 میڈیا پر مصنوعات بیچنے کے لئے عورت کی خوبصورتی کو استعمال کرنا عورت کی توہین ہے، فوزیہ عرفان 
اسلام ٹائمز۔ نائب صدر جماعت اسلامی حلقہ خواتین جنوبی پنجاب فوزیہ عرفان نے ضلعی ناظمہ شازیہ شیر افضل، نگران سیاسی سیل ارم امین، نائبین ضلع لالہ رخ، محمودہ کبیر، ساجدہ شائستہ، عائشہ کامران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ کو ملک بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جائے گا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ ایک ماڈل نظام کے ذریعے اس دن کو مسلمان عورت کی شان و شوکت کا دن بنائیں گے۔ ہمارا سالانہ سرگرمیوں کا مقصد ہی خواتین کو دیے گئے حقوق کے بارے میں آگاہی اور ان کو پلیٹ فارم دینا ہے، اس حوالے سے ملک گیر سطح پر بھرپور آگہی مہم قوموں کی عزت ہم سے ہے یکم تا 20 مارچ  منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 8مارچ 2020ء کو ملتان آرٹس کونسل ہال میں خواتین کانفرنس بعنوان عورت، خاندان اور معاشرے کا دھڑکتا دل منعقد ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جدوجہد ہر پاکستانی خاتون کے لئے ایک باعزت اور محفوظ زندگی کی جدوجہد ہے۔ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ عورت کی خوشیاں اس کے خاندان سے منسلک ہیں اور ایک پرسکون زندگی کے لئے خاندان کی بقا ضروری ہے، عورت کا حق ہے کہ اس کی اور اس کے بچوں کی کفالت کی جائے اور اگر ضرورت پڑے تو اس کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے، تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور دین کا حکم مگر جاگیردارانہ نظام میں لڑکیوں پر تعلیم کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ ان کے نمائندے پارلیمنٹ میں موجود ہیں بحیثیت انسان ہم عورت اور مرد کی برابری میں یقین رکھتے ہیں، اور یہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا پر مصنوعات بیچنے کے لئے عورت کی خوبصورتی کو استعمال کرنا بطور انسان عورت کی توہین ہے، اس ضمن میں میڈیا کے ضابطہ اخلاق پر موثر قانون سازی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 848247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش