0
Wednesday 4 Mar 2020 20:25

معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین

طاہر القادری کی تقاریر اور تصانیف میں اتحاد امت کا درس ملتا ہے،حسن رضا ہمدانی
معاشرے میں بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین
اسلام ٹائمز۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں منعقدہ ’’اتحاد امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، علما کرام اور مشاءخ عظام منبر رسول سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد کرنا علماء کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے، اسلام رواداری، امن بقائے باہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، امت مسلمہ کو فرقہ واریت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اتحاد امت کیلئے علماء مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اتحاد امت کانفرنس سے مختلف مکاتب فکر کے اہم رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

جمیعت اہلحدیث کے مرکزی رہنما مولانا عبدالستار نیازی، مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ وسیم الحسن شاہ حافظ آبادی، جے یو پی نورانی کے رہنما مفتی محمد جاوید نوری، صدر سنی تحریک پنجاب مولانا مجاہد عبدالرسول، منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، علامہ زوار حسین، چیئرمین کل مسالک علما بورڈ علامہ عاصم مخدوم، پیر سید منیر سیفی، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، علامہ محمد اشرف سعیدی، علامہ حافظ طاہر ضیا، حافظ غلام فرید و دیگر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ نئی نسل کی تعلیم کیساتھ ساتھ اسلامی خطوط پر تربیت دینا آج ایک بہت بڑا چیلنج ہے، والدین، علمائے کرام، اساتذہ اس اہم مسئلہ پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے سکالرز نئی نسل کی علمی، روحانی، اخلاقی تربیت کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ وسیم الحسن شاہ نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری اتحاد امت کے داعی ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے اس وقت بھی جرات و بہادری کیساتھ اتحاد امت کی بات کی جب صرف ہاتھ ملانے پر کفر کے فتوے لگا دئیے جاتے تھے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے امت کو کتابیں نہیں لائبریریاں دی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی تقاریر اور تصانیف میں اتحاد امت کا درس ملتا ہے، ڈاکٹر طاہر القادری امن، محبت اور اتحاد امت کی بات کرتے ہیں۔ علامہ امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر نے اپنے خطابات میں قرآنک انسائیکلوپیڈیا، احادیث مبارکہ کے انسائیکلوپیڈیا، علوم القرآن، علوم الحدیث اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

تقریب میں موجود علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ میں اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ کوئی امن دشمن ہمارے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ نہ کر سکے، یہ وقت اتحاد و اتفاق کیلئے کام کرنے کا ہے۔ علمائے کرام نے عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر منہاج القرآن علما کونسل کے رہنماوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ایسی کانفرنسز اتحاد امت کیلئے خیر کا باعث ہوتی ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ ملکی سلامتی، خوشحالی، اتحاد امت اور ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 848278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش