0
Monday 30 Mar 2020 19:57

ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز ملعون ہیں، علماء کا فتویٰ

ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز ملعون ہیں، علماء کا فتویٰ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ طاہر اشرفی، مولانا اسد زکریا قاسمی، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا مفتی محمد عمر فاروق، مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی، مولانا مفتی حفیظ الرحمن، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی، علامہ طاہر الحسن، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ زبیر عابد، مولانا حسین احمد درخواستی اور دیگر علماء و مشائخ کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور عوام الناس کے استعمال کی چیزوں کا ذخیرہ کرنا شرعی طور پر ناجائز ہے اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالے سے اللہ اور اللہ کے نبی (ص) نے بیزاری کا اعلان کیا ہے۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ احادیث مبارکہ میں ذخیرہ اندوزی کرنیوالے کو ملعون قرار دیا گیا ہے اور حضرت عمرؓ سے ایک روایت کے مطابق رسول اللہ(ص) کا فرمان ہے کہ جس نے مسلمانوں کیخلاف غذائی اجناس کی ذخیرہ اندوزی کی اللہ کریم اس پر غربت افلاس اور جذام کی بیماری کو مسلط کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک گیر لاک ڈاون کی وجہ سے عوام الناس اضطراب کا شکار ہیں، ایسی صورتحال میں ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور اشیائے ضروریہ کو مارکیٹ سے غائب کرکے معاشرے میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں ایسے عناصر ناصرف ملک و قوم کیلئے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں بلکہ اللہ کے عذاب کو بھی دعوت دے رہے ہیں۔ علماء نے کہا ہے کہ احادیث مبارکہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جس شخص نے مسلمانوں کیخلاف غذائی اجناس کا ذخیرہ اندوزی کی اللہ تعالیٰ اس پر غربت افلاس اور جذام کی بیماری مسلط کر دینگے اور ان کا ٹھکانہ جہنم کا گڑھا ہے۔ ذخیرہ اندوز باز آ جائیں اور اس ناگہانی صورتحال میں اشِیائے ضروریہ عوام الناس کی پہنچ سے دور کرنے کے بجائے انہیں سستے داموں فروخت کریں تاکہ وہ بھی اللہ کی رحمت کے طلبگار بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک اور اشیائے ضروریہ تک عوام کی رسائی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے حکومت کو ہر حال میں اپنی اس ذمہ داری کو پورا کرنا ہوگا۔ جو لوگ ایسے غیر معمولی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں ایسے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف سخت کریک ڈاون کیا جائے اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 853598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش