1
Tuesday 7 Apr 2020 04:17

امریکی فوجی نقل و حرکت ایک خطرناک اقدام اور عراق سمیت پورے خطے کیلئے خطرہ ہے، ایرانی صدر

امریکی فوجی نقل و حرکت ایک خطرناک اقدام اور عراق سمیت پورے خطے کیلئے خطرہ ہے، ایرانی صدر
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ پھیلتے کرونا وائرس، خطے میں امریکی فوجی نقل و حرکت اور کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ایران پر عائد پابندیوں میں امریکہ کی طرف سے مزید اضافے کے حوالے سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ ایرانی صدر نے اپنی گفتگو میں کرونا وائرس کے خلاف فرانس سمیت پوری دنیا کے عوام کی جدوجہد کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام حکومتوں کو یقین کر لینا چاہیئے کہ ایک دوسرے کے تجربوں اور باہمی تعاون سے فائدہ اٹھائے بغیر اس حساس صورتحال سے کامیابی کے ساتھ گزرنا ممکن نہیں۔

ایرانی صدر نے اپنی گفتگو میں امریکی پابندیوں کے باعث ایران کے اندر پھیلتے کرونا وائرس کے ساتھ مقابلے کی جدوجہد میں پیش آنیوالی رکاوٹوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے ایران پر پابندیاں عائد کرکے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کو پائمال کیا ہے بلکہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود پابندیوں کو نہ صرف برقرار رکھ کر بلکہ ان میں اضافہ کرکے سال 2005ء میں عالمی ادارۂ صحت کی طرف سے طے کئے جانے والے عالمی صحت کے قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے یورپ کے ساتھ طبی سامان اور ادویات پر مشتمل انسٹکس (INSTEX) کے پہلے تجارتی لین دین کو ایک مثبت لیکن ناکافی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی لین دین کے اس طریقے کو صرف طبی سامان اور خوراک پر ہی منحصر نہیں ہونا چاہیئے بلکہ اسے ایران کی ضرورت کی تمام اشیاء کے لین دین کے لئے استعمال کیا جانا چاہیئے۔

ایرانی صدر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران دنیا بھر میں جاری جنگوں کو روکنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایران کے خلاف جاری اقتصادی جنگ میں بھی اس کے موثر ہونے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ایران کے دوست ممالک موجودہ صورتحال میں ایران پر عائد ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیوں کے اٹھائے جانے کے لئے امریکہ پر اپنا دباؤ ڈالیں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں کا اٹھایا جانا اور یورپ کی طرف سے اپنے معاہدات پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے جبکہ آج پیش آنے والی صورتحال میں اس کی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ایرانی صدر نے فرانسیسی صدر کے ساتھ اپنی گفتگو میں خطے کے ممالک میں موجود عوامی حکومتوں کے حق حکمرانی کے احترام کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بناء پر ایران، عراق کے اندر امریکی فوجی نقل و حرکت کو نہ صرف ایک خطرناک اقدام بلکہ عراق سمیت پورے خطے کے امن و امان کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔

دوسری طرف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا اس وقت ایک مشکل مرحلے سے گزر رہی ہے، جبکہ ہمیں امید ہے کہ تمام ممالک ایک دوسرے کے تجربوں اور تعاون سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس سخت صورتحال سے کامیابی کے ساتھ گزر جائیں۔ ایمانوئل میکرون نے ایران کے ساتھ اپنے ملکی تعلقات کے فروغ کی امید ظاہر کی اور انسٹکس کے ذریعے کئے گئے لین دین کو مثبت قرار دیا۔ فرانسیسی صدر نے ایرانی صدر کے ساتھ اپنی گفتگو میں امید ظاہر کی کہ انسٹکس کے ذریعے ایران اور یورپ کے درمیان تجارتی لین دین بڑھا دیا جائے گا، تاکہ ایران اور یورپ کے درمیان مالیاتی لین دین بآسانی عمل میں آسکے۔
خبر کا کوڈ : 855098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش