0
Saturday 18 Apr 2020 21:32

پنجاب، سندھ اور کے پی کی حکومتوں نے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ائیرپورٹ کھولنے سے انکار کیا، شاہ محمود قریشی 

پنجاب، سندھ اور کے پی کی حکومتوں نے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ائیرپورٹ کھولنے سے انکار کیا، شاہ محمود قریشی 
اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا چیلنجز کے دوران بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے وزارت خارجہ نے کرائسس مینجمنٹ سیل قائم کیا ہے۔ جو 24 گھنٹے کام کر رہا ہے اور اب تک 39748 (انتالیس ہزارسات سو اڑتالیس ) پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے، جن کو ہم نے انتظامات مکمل ہونے پر ایس او پی کے تحت بتدریج وطن واپس لانا ہے۔ اس حوالے سے 30ممالک کے وزراء خارجہ سے رابطہ کئے ہیں۔ اور باقی ممالک کے وزراء خارجہ سے بھی رابطے کر رہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے یو این سیکرٹری جنرل اور گلوبل لیڈرز سے75 ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف بارے اپیل کی تھی۔ یو این سیکرٹری جنرل نے عمران خان کی اپیل کی حمایت کی۔ ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کی۔ آئی ایم ایف کی نمائندہ نے بھی پاکستانی موقف کی تائید کی۔ 15 اپریل کو جی 20کے اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کو قرضوں بارے ریلیف دیا۔ قرضوں میں ریلیف ملنے سے ترقی پذیر ممالک کورونا کے خلاف بہتر لڑ سکیں گے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے مستقبل میں بھی ترقی یافتہ ممالک کمزور ممالک کے بارے میں سوچیں گے۔ کورونا چیلنجز کے دوران ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کورونا سے گلوبل اکانومی متاثر ہوئی، کورونا نے دنیا کے 209 ممالک کو متاثر کیا۔ امریکہ، برطانیہ اور یورپ کو کورونا نے بری طرح متاثر کیا ہے۔

امریکہ نے 2 ٹریلین ڈالرز اور پاکستان نے استطاعت کے مطابق 8 بلیں ڈالر کا پیکج دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاوس ملتان میں فارن آفس وویمن ایسوسی ایشن کی طرف سے نشتر ہسپتال ملتان کے ڈاکٹروں کیلئے پی پی ای اور حفاظتی کٹس کی تقسیم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمصطفی کمال پاشا، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، رکن صوبائی اسمبلی ملک سلیم لابر، ایم ایس نشتر ڈاکٹر شاہد بخاری، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرف ہراج، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر و دیگر ڈاکٹرز اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ سینٹر سے کسی بھی ملک میں پھنسے پاکستانی رابطہ کرسکتے ہیں۔ ایس او پیز کے مطابق دنیا بھر سے پاکستانی شہریوں کو لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب، سندھ اور کے پی کے حکومتوں نے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ائیرپورٹ کھولنے سے انکار کردیا۔جس پر ہم نے صرف اسلام آباد ایئرپورٹ کھولا، اب صوبائی حکومتیں ایئرپورٹس کھولنے پر رضا مند ہوگئیں۔ دبئی، دوحہ، تاشقند، لندن اور بنکاک میں پھنسے پاکستانیوں کو ملک پہنچایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 857534
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش