0
Tuesday 28 Apr 2020 00:09

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سوشل میڈیا پر اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ ترجمان پی ٹی آئی جمال صدیقی کے مطابق گورنر سندھ نے گزشتہ روز اپنا ٹیسٹ کرایا تھا۔ اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ عمران خان نے ہمیں مشکلات سے لڑنا سکھایا ہے، انشاءاللہ ہم اس وباء سے لڑیں گے،  میں نے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے، مجھے گزشتہ رات ہی خود کو قرنطینہ کرلینا چاہیئے تھا، لیکن آج صبح کیا۔  گورنر سندھ نے مزید کہا کہ جن لوگوں سے میری ملاقاتیں رہیں ان کو بتادیا ہے، اہلخانہ کے ٹیسٹ بھی کرا رہا ہوں، عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے، طبیعت بہتر ہے کوئی پریشانی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران اسماعیل نے اندرون سندھ کا دورہ کیا تھا اور اس دوران حیدرآباد، ٹھٹھہ ، سجاول، مٹیاری اور دیگر علاقوں میں گئے تھے اور وہاں احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا تھا۔ اس دورے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران اسماعیل لوگوں کے درمیان کھڑے ہیں اور سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا گیا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے تنقید بھی کی تھی۔ اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب وہ صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا کی تشخیص کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو منفی آیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 859383
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش