1
Saturday 30 May 2020 22:13

معذور فلسطینی شہری کا اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل، صیہونیوں کے نفسیاتی مرض کو ظاہر کرتا ہے، حماس

معذور فلسطینی شہری کا اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل، صیہونیوں کے نفسیاتی مرض کو ظاہر کرتا ہے، حماس
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے فلسطین کے اندر غاصب صیہونی فوج کے ہاتھوں ایک معذور فلسطینی شہری کے قتل پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ایک معذور فلسطینی شہری کا بہیمانہ قتل صیہونیوں کے نفسیاتی مرض کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ایسے جرائم ہماری انقلابی قوم کے مزاحمتی عزم میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔ حازم قاسم نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنی سرزمین پر قابض جارح قوتوں کو مکمل طور پر نکال باہر کرنے تک آرام نہیں لے گی۔ حماس کے ترجمان نے غاصب صیہونی رژیم کے بڑھتے جرائم پر فلسطینی قوم کے ردعمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کی ہر اک جارحیت پر ہماری قوم کا جواب نئی مزاحمتی کارروائی اور مسلسل انتفاضہ (جدوجہد) ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے غاصب صیہونی فوج کے جارحانہ اقدامات کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابض صیہونی فوجی فلسطینی شہریوں کے خون کے پیاسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات دراصل ان ممالک کے جرائم سے پردہ اٹھاتے ہیں جو اس غیرقانونی دہشتگرد رژیم کے ساتھ معمول کے دوستانہ تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے ممالک مظلوم فلسطینیوں کا ناحق خون بہانے کے جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز غاصب صیہونی فوجیوں نے ایک معذور فلسطینی نوجوان کو مسلح ہونے کے شک میں گولی مار کر شہید کر دیا تھا جبکہ اس نوجوان کی شہادت کے بعد یہ بات آشکار ہو گئی کہ وہ فلسطینی نوجوان مسلح نہیں تھا۔
خبر کا کوڈ : 865649
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش