0
Monday 1 Jun 2020 22:02

ایس او پی پر عمل کیساتھ کاروبار کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ثروت اعجاز قادری

ایس او پی پر عمل کیساتھ کاروبار کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی اور ایس او پی پر عمل کے ساتھ کاروبار کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، ملک کی معیشت کمزور ہو چکی ہے، غریب دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، ہمیں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے والوں کا خیال کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر شہریوں اور مسائل سے پریشان افراد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے سب کچھ ایس او پی کے تحت کھولنے کے فیصلے کو عوامی ترجمانی سمجھتے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی اچھا اقدام ہے، مگر اس کے اثرات نچلی سطح تک پہنچائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہوتا ہے، تو ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، 2 ماہ سے پیٹرول کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود روزمرہ استعمال ہونیوالی اشیاء اور دیگر چیزوں میں کمی نہ ہونا افسوسناک ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت کو مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اپنی رٹ قائم کرنا ہوگی، غریب طبقہ پہلے ہی بھوک و افلاس سے پریشان اور کورونا کے خوف میں مبتلا ہے، حکومت نے اعلان کیا تھا کہ غریب گھرانوں کے بل حکومت ادا کرے گی، اس پر فوری عمل درآمد کرایا جائے، کے الیکٹرک کو ایوریج بل بھیجنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بھی کراچی کے عوام کے ساتھ وفاق والا برتاؤ کرتے ہوئے عوام کی مشکلات کو کم کرے، تاجروں، مزدوروں، کسانوں اور غریبوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ حالات میں ریلیف اور انہیں راشن فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کورونا وائرس کا خوف ختم کرنے کیلئے حکومت کو سخت اقدامات کرنے ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 866011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش