0
Tuesday 2 Jun 2020 20:07

امریکی جمہوریت اور عوام میں دم خم ہے، خرم نواز گنڈا پور

امریکی جمہوریت اور عوام میں دم خم ہے، خرم نواز گنڈا پور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ امریکہ میں پولیس اہلکار کے ہاتھوں ایک شہری کے قتل پر امریکی عوام نے وائٹ ہاؤس پر حملہ کر دیا اور سپر پاور امریکہ کا صدر بنکر میں چھپنے پر مجبور ہو گیا، باضمیر معاشرے بے گناہ کے قتل پر اسی طرح کا ردعمل دیتے ہیں، پاکستان میں 14 شہریوں کو دن دہاڑے قتل کر دیا گیا مگر آج کے دن تک انصاف نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی جمہوریت اور عوام میں دم خم ہے، پاکستان کی نام نہاد جمہوریت نے ہر ادارے اور ہر فرد کو بے حس بنا دیا ہے، جتنا مرضی ظلم ہو جائے عوام ٹس سے مس ہوتے ہیں اور نہ اداروں میں بیٹھی شخصیات کی صحت پر کوئی اثر پڑتا ہے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور قاضی شفیق نے کہا ہے کہ سرکس کے شیر اب بھاگتے اور چھپتے پھر رہے ہیں، قاتل اعلیٰ پنجاب نیب کو اپنی لوٹ مار کا حساب دیں، بھاگ کیوں رہے ہیں؟۔ رہنماؤں نے کہا کہ غریب کی گرفتاری مطلوب ہوتی تو پولیس سیڑھیاں لگا کر بیڈروموں اور واش روموں میں گھس جاتی مگر امیر کے معاملے میں قانون اور تہذیب و شائستگی کا خیال رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے لوٹ مار سے ناجائز اثاثے نہیں بنائے تو پھر نیب کے سوالوں کا جواب دینے کیلئے پیش کیوں نہیں ہو رہے۔ ان کے پیٹ میں کرپشن کی گاجریں ہیں، انہیں زبردست قسم کی پھکی کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 866220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش