0
Thursday 4 Jun 2020 21:42

کورونا وائرس کیساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے، محمد حسین محنتی

کورونا وائرس کیساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اللہ کی طرف سے آزمائش ہے، جس نے ترقی یافتہ ممالک کو بھی تلپٹ کرکے رکھ دیا ہے، زمینی خدائی کے دعویداروں پر واضح ہوگیا کہ تم جتنی بھی ترقی کرلو، انسان کی جان اللہ کے ہاتھ میں ہے، حکومت کورونا وبا صورتحال میں ابہام، لاک ڈاﺅن اور خوف کی بجائے قوم کے اندر یکسوئی، احتیاط اور حوصلہ دینے اور کورونا کے ساتھ زندگی گذارنے کا ماحول پیدا کرے، حکومتی دعووں کے برعکس کورونا مریضوں کے علاج کی سہولیات کا فقدان تشویشناک ہے، جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ، اسلامی انقلاب اور رضائے الہٰی کے حصول کی خاطر انسانیت کی خدمت جاری رکھے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر میں جماعت اسلامی کے ضلعی نظم، تحصیل و مقامی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں کورونا ریلیف، رمضان سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو، قیم سلطان احمد ایڈوکیٹ، مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے، سندھ میں سخت لاک ڈاﺅن اور اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کیسز میں اضافہ اور مریضوں کیلئے سہولیات کا فقدان حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، عملی و ٹھوس اقدامات کرنے کی بجائے صرف لاک ڈاﺅن اور مساجد کو بند کر دینا حکومت کی بے حسی، بے دین و سیکولر سوچ کی عکاسی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ کی ذات کو پہچانیں، توبہ و استغفار اور اس کی طرف پلٹ آئیں۔
خبر کا کوڈ : 866594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش