0
Sunday 7 Jun 2020 13:30

اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے، اجمل وزیر

اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے، اجمل وزیر
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس بے وقت کی راگنی ہے، اپوزیشن کو مسائل حل ہونے کے بعد مسائل کی نشاندہی یاد آجاتی ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلٰی محمود خان کی قیادت میں صوبے میں کورونا کے خلاف موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات ہم سے سیاست کا نہیں قومی یک جہتی کا مطالبہ کرتے ہیں، لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کیلئے حکومت نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام شروع کیا ہے جو ملک کی تاریخ کا شفاف ترین منصوبہ ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی رابطہ کمیٹی میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلٰی سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر سے مشاورت کی جاتی ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔ صوبائی مشیر نے تارکین وطن کی ملک واپسی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کیلئے سنجیدہ اقدامات اُٹھا رہی ہے، اپوزیشن کو اوورسیز پاکستانی تب یاد آئے ہیں جب حکومت ان کیلئے اقدامات اٹھا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں اور وزیراعلٰی کی خصوصی درخواست پر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے تارکین وطن لانے کیلئے فلائٹ آپریشن شروع ہوچکا ہے، جبکہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی میتیں بھی لائی جارہی ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ہمیشہ غریب اور مزدور طبقے کی فکر رہتی ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی بھی غریب طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے حکومت کو دو چیلنجز کا سامنا ہے ایک طرف کورونا سے لڑنا تو دوسری جانب معیشت کا پہیہ چلانا۔
خبر کا کوڈ : 867106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش