0
Monday 8 Jun 2020 10:15

شوگر مافیا کیخلاف گھیرا تنگ، 90 روز میں کارروائی مکمل کرنیکا حکم

شوگر مافیا کیخلاف گھیرا تنگ، 90 روز میں کارروائی مکمل کرنیکا حکم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں شوگر مافیا کے خلاف گھیرا تنگ وفاقی حکومت نے نیب، ایف آئی اے،ایف بی آر،اسٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور دیگر اداروں کو 90روز میں کارروائی مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 1985ء سے شوگر ملوں کو لگانے اور سبسڈی کا معاملہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، نیب شوگر کمیشن کی رپورٹ پر 9 شوگر ملوں کو گزشتہ 5 سال میں سبسڈی دینے کے معاملے پر فوجداری کارروائی کرے گا۔ سیلز ٹیکس اور بے نامی ٹرانزیکشنز کا معاملہ ایف بی آر کو بھجوایا جا رہا ہے، مسابقتی کمیشن چینی کے کاروبار کی 90 روز میں تحقیقات کرے گا۔ جعلی برآمدات اور منی لانڈرنگ کی ایف آئی اے تحقیقات کرے گا، افغانستان کو چینی کی برآمد میں جعلسازی اور منی لانڈرنگ کی بھی انکوائری ہو گی۔

حمزہ شوگر ملز اور جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو کا ٹیکس فراڈ سامنے آیا ہے، چینی کی قیمتوں کو پیداواری لاگت کے تناسب سے کم کرنے کے لئے وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کی قیادت میں کمیٹی قائم کی گئی ہے، کوئی شخص جتنا بھی طاقتور ہی کیوں نہ ہو اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ 1990ء میں ایک سیاسی خاندان نے اپنی شوگر ملوں کو خود سبسڈی دی اور چینی بھارت کو برآمد کی۔ شاہد خاقان کے دن گنے جا چکے، انہیں 20 ارب روپے سبسڈی کا جواب دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ شوگر کمیشن کی سفارشات اور دیگر ماہرین کی مشاورت سے اس حوالے سے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا جن کی منظوری وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں دی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کے شراکت داروں کا تعلق کسی نہ کسی طور پر سیاست سے ہے، یہ لوگ ٹیکس چوری اور سبسڈی حاصل کر کے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف تھے۔ عمران خان کا وژن ہے کہ کوئی جتنا بھی طاقتور ہو اس کا احتساب ہو گا کسی کو استثنیٰ نہیں ملے گا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شوگر ملوں کو 29 ارب روپے کی سبسڈیز کا معاملہ نیب کو بھیجا جائے گا۔ 2014-15ء میں شوگر ملوں کو ساڑھے چھ ارب روپے، 2015-16ء میں 6.5ارب روپے، 2016-17ء میں 12 ارب روپے وفاقی حکومت نے جبکہ سندھ حکومت نے 4.1 ارب روپے کی سبسڈی دی۔ 2018-19ء میں پنجاب حکومت نے سبسڈیز دی۔

ایف بی آر ان 9 ملوں کے علاوہ دیگر ملوں کا بھی آڈٹ کرے گا۔ مسابقتی کمیشن 90دن میں کارٹیلائزیشن کی تحقیقات کرے گا۔ چینی کی برآمد سے متعلق جعلی دستاویزات پر سبسڈی حاصل کرنے کی اسٹیٹ بینک تحقیقات 90روز میں مکمل کرے گا۔ پبلک لمیٹڈ اور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیوں میں ادائیگی میں خورد برد کی تحقیقات کی جائیں گی۔ شوگر ملوں نے صوبائی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی منظور شدہ پیداواری صلاحیت سے زائد چینی کی پیداوار کی صلاحیت حاصل کی اس کی تحقیقات متعلقہ صوبائی محکمہ اینٹی کرپشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ بتدریج تمام مافیاز کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سمجھتے تھے وہ ذہین ہیں ان کو کوئی پکڑ نہیں سکتا، شاہد خاقان عباسی نے شوگر رپورٹ آنے کے بعد ساری ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے، پہلے وہ یہ رپورٹ پڑھ لیں پھر 20 ارب روپے سبسڈی دے کر عوام کو چونا لگانے کا جواب دیں۔ 
خبر کا کوڈ : 867219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش