1
Tuesday 9 Jun 2020 19:33
آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی قوم کے شکرگزار ہیں

ایران و وینزویلا برادر ملک ہیں اور امریکی معاندانہ سیاست کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، خورخہ والرو

ایران و وینزویلا برادر ملک ہیں اور امریکی معاندانہ سیاست کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، خورخہ والرو
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں وینزویلا کے مستقل مندوب خورخہ والرو نے میڈیا کے ساتھ اپنی گفتگو میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف اختیار کردہ امریکی معاندانہ سیاست پر گفتگو کی ہے۔ عرب نیوز چینل المیادین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں وینزویلا کے مستقل مندوب خورخہ والرو نے کہا ہے کہ سیاہ فام جارج فلوئڈ کے بہیمانہ قتل نے سرمایہ داری اور لبرل ازم کی دنیا سے پردہ اٹھا دیا ہے، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے لئے ایک بڑی شکست ہے۔ خورخہ والرو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت عالمی امن اور عالمی برادری کے لئے سنگین خطرہ ہے، کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت ایک فاشسٹ (نسل پرست) حکومت ہے، جس کے پاس کرونا وائرس سے مقابلے کے لئے کوئی پروگرام موجود نہیں، یہی وجہ ہے کہ امریکہ دنیا کے اندر کرونا وائرس کے ایک مرکز میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وینزویلا کے اندر موجود محدود وسائل کے ذریعے کرونا وائرس کے خلاف ہر روز ایک نئی کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ میں وینزویلا کے مستقل مندوب نے ملک اور ملکی سیاسی قیادت کے خلاف جاری امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو کے خلاف اقدام قتل کی کارروائی میں گرفتار ہونے والے دہشتگردوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں امریکی انٹیلیجنس ایجنسی سی آئی اے (CIA) کی طرف سے کولمبیا کے 5 کیمپوں کے اندر تربیت دی گئی تھی، جبکہ امریکہ کولمبیا کے ذریعے ہی وینزویلا کے سرحدی علاقوں میں 800 سے زائد دہشتگرد بھی داخل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم وینزویلا کے اندر دسیوں لاکھ فدائی ملک و قوم کا دفاع کرنے کو مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے خلاف امریکی معاندانہ اقدامات یہاں تک پہنچ چکے ہیں کہ اس نے امریکہ و یورپ کے بینکوں میں موجود وینزویلا کی 30 ارب ڈالرز سے زائد کی رقم جبکہ امریکی شہر ہوسٹن میں واقع (وینزویلا) کی "سٹگو" (Citgo) نامی تیل کی کمپنی (جو امریکی تیل کی ضرورت کا 10 فیصد مہیا کرتی ہے) سے بھی وینزویلا کے 37 ارب ڈالرز ضبط کر لئے ہیں۔

اقوام متحدہ میں وینزویلا کے سفیر خورخہ والرو نے کہا کہ وینزویلا کے خلاف امریکہ کے ان اقدامات نے وینزویلا میں دواؤں کی درآمد اور پٹرول کی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ ان حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے ملنے والی بھرپور حمایت کا وینزویلا کی قوم نے انتہائی گرمجوشی کے ساتھ استقبال کرتے ہوئے تہہِ دل سے ایران کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خورخہ والرو نے اپنی گفتگو کے آخر میں وینزویلا کی قوم کی طرف سے ایک مرتبہ پھر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ اور پوری ایرانی قوم کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور وینزویلا دو برادر ملک ہیں، جو امریکی معاندانہ سیاست کے خلاف اپنی جدوجہد کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 867569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش