0
Friday 19 Jun 2020 02:22

بجٹ کے دوران ہنگامہ آرائی اپوزیشن کی ایک روایت بنتی جارہی ہے، ناصر حسین شاہ

بجٹ کے دوران ہنگامہ آرائی اپوزیشن کی ایک روایت بنتی جارہی ہے، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات، مذہبی امور، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجٹ کے دوران ہنگامہ آرائی اپوزیشن کی ایک روایت بنتی جارہی ہے، سندھ اسمبلی کا اجلاس ورچویل بلایا جانا تھا لیکن اپوزیشن نے اپنی روایت کو برقرار رکھنے کے لئے ایسا نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے یہ بات اپنے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت مانگے تانگے کی حکومت ہے اور ایک غیر مستحکم حکومت ہے لیکن وہ مسلسل سندھ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاق کے چند وزرا ہمیشہ شور شرابا اور تنقید برائے تنقید کی سیاست کر رہے ہیں، سندھ اسمبلی میں 25 فیصد ارکان کی حاضری رکھی گئی تھی، اس طرح اپوزیشن کو اپنی حسرت پوری کرنے کا موقع ملا، ہوسکتا ہے کہ آئندہ اجلاس ورچویل اجلاس ہی ہو۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کا صوبہ سندھ کا جو دورہ تھا اس میں انہوں نے باضابطہ طور پر وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کا شیدول نہیں رکھا تھا، وزیراعظم کے دورہ سندھ میں جب بھی وہ آتے ہیں تو وزیراعلیٰ سندھ انہیں خود لینے جاتے ہیں لیکن اس دفعہ جو ان کا پلان بھجوایا گیا تھا اس میں کچھ بھی اس طرح کا لکھا ہوا نہیں تھا، جس کی وجہ سے وزیر اعلی سندھ نہیں جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ وہ ان کا استقبال کرنے جاتے تھے کیونکہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری سمجھتے ہیں لیکن اس دفعہ یہ بات اس پلان میں لکھی ہوئی ہی نہیں تھی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کو پچھلے سال 230 ارب روپے وفاق سے کم ملے تھے، اسی طرح اس سال بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے، اس کے باوجود سندھ حکومت نے اپنے اخراجات کو کم کرتے ہوئے غریب لوگوں کا خیال رکھا ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صاحب کی ہدایت پر تخواہیں اور خاص طور پر پنشن میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی پارٹی ہے اور عوام کا ان کو خیال ہے اس لئے کہ اس کی جڑیں عوام میں ہیں اور وہ ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کرتی رہی ہے، اس لئے ہم نے ایک عوامی بجٹ پیش کیا ہے جس میں اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کا خیال رکھا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 869496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش