0
Friday 26 Jun 2020 11:02

وزیراعظم کا اسامہ کو شہید کہنا زبان کا پھسلنا ہے، فواد چوہدری

وزیراعظم کا اسامہ کو شہید کہنا زبان کا پھسلنا ہے، فواد چوہدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور نواز لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے اتفاق کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ججوں سمیت مختلف طبقہ زندگی کے لوگوں کیخلاف جھوٹے الزامات اور متنازع مواد کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کل سوشل میڈیا میں ججوں کے خلاف متنازع مواد کیخلاف پارلیمنٹ میں مشترکہ قرارداد لا رہی ہیں، فواد چوہدری نے اس قرارداد کیلئے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے کا اعلان بھی کیا ہے۔ فواد چوہدری نے وزیراعظم کے اسامہ بن لادن کو شہید کہنے کو زبان کا پھسلنا قرار دیا جبکہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسامہ بن لادن کو شہید کہا اس بات کو یہیں ختم کر دینا چاہئے، وزیراعظم کی تقریر پچھلی تقریروں سے مختلف تھی آج انہوں نے ڈاکو چور جیسے الفاظ استعمال نہیں کئے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ سب کو احساس ہے حکومت اور اپوزیشن کے تعلقات بہتر ہونے چاہئیں، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی پہلے دن اسمبلی میں وزیراعظم کی تقریر سکون سے سن لیتیں تو ماحول اسی وقت اچھا ہو جاتا، کم از کم پارلیمانی لیڈروں کی تقریریں بغیر شورا شرابے کے سنی جانی چاہیں، پاکستان کو ہر شعبہ میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت اپوزیشن میں تعلقات ضروری ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کبھی بھی مکمل لاک ڈاؤن کی حمایت نہیں کی، لاک ڈاؤن کے حوالے سے عمران خان سو فیصد درست تھے، عمران خان جب بات کر رہے تھے تو دنیا میں کوئی بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی بات نہیں کر رہا تھا، وزیراعظم کا اسامہ بن لادن کو شہید کہنا واضح طور پر زبان کا پھسلنا ہے، اس بات کو آگے بڑھانے کے بجائے یہیں ختم کر دینا چاہیے۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ اسد عمر، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی سے بڑے بھائیوں والا تعلق ہے، سہیل وڑائچ کے پوچھنے پر میں نے اپنا تجزیہ دیا تھا کسی کو اس سے اتفاق یا اختلاف ہو سکتا ہے۔ عمران خان کے جیسے قد کا ملک میں کوئی شخص نہیں ہے ان کیخلاف سازش کا امکان نہیں ہے، ہر حکومت کی طرح اس حکومت میں بھی ورکنگ پرابلمز ہیں۔ ہمارے ارکان اسمبلی کے گلے شکوؤں میں بہت وزن ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے وزراء کو چھ مہینے کا ٹائم دیا انہیں کسی نے یہ ٹائم نہیں دیا۔
خبر کا کوڈ : 870960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش