0
Monday 6 Jul 2020 21:37

پاک، ایران دشمنوں کو غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دینگے، قاسم سوری

پاک، ایران دشمنوں کو غلط فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دینگے، قاسم سوری
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے ایران سے باہمی تعلقات کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد ہرگز دشمنوں اور ثالث فریقوں کو دونوں ملکوں کے تعلقات کے درمیان خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصلر حسن درویش وند سے ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی حکومت ہمسایہ ملکوں بالخصوص ایران سے معاشی تعلقات اور سرحدوں میں باہمی لین دین میں مزید تیزی لانے کی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے دنیا بالخصوص دنیائے اسلام اور جنوبی ایشیاء میں مظلوم قوموں کی حمایت سے متعلق ایرانی تعمیری موقف کو سراہتے ہوئے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص معاشی، ثقافتی اور معاشرتی میدان میں تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔

قاسم سوری نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ایران اور پاکستان کے مشترکہ تعاون نے دشمن عناصر کو مایوس کر رکھا ہے اور تہران اور اسلام آباد ہرگز دشمنوں اور ثالث فریقوں کو دونوں ملکوں کے تعلقات کے درمیان خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے ایران میں پابندیوں کے باوجود کوویڈ- 19 کیخلاف لڑنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک نے عالمی برداری سے ایران مخالف پابندیوں کو اٹھانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قاسم سوری نے ہمسایہ ممالک سے تجارتی تعلقات کے فروغ کو پاکستانی حکومت کی پہلی ترجیحات میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی انتظامیہ علاقے میں تناؤ کے خاتمے اور اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے کیلئے پرعزم ہے اور وہ مستقبل میں دنیائے اسلام کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر کوئٹہ میں تعینات نئے ایرانی قونصلر نے بھی باہمی تعلقات، سرحدی تجارت، کرونا وائرس اور دنیائے اسلام کے مسائل سے متعلق بات چیت کی۔
خبر کا کوڈ : 872870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش