0
Monday 27 Jul 2009 11:23

صوفی محمد 2بیٹوں سمیت گرفتار،دیر بالا،سوات،27جنگجو ہلاک،2جوان شہید،6 خودکش بمبار بچے میڈیا کے سامنے پیش

صوفی محمد 2بیٹوں سمیت گرفتار،دیر بالا،سوات،27جنگجو ہلاک،2جوان شہید،6 خودکش بمبار بچے میڈیا کے سامنے پیش
پشاور،سوات،دیر بالا،وزیرستان،بنوں،میران شاہ:کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کو دو بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کے پشاور میں واقع گھر پر چھاپہ مار کر صوفی محمد، ان کے دو بیٹوں اور ایک ساتھی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پشاور میں جی ٹی روڈ سے متصل علاقے سٹی ٹان میں پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے مولانا صوفی محمد کو ان کے دو بیٹوں ضیاء اللہ،رضوان اللہ اور ایک ساتھی طاہر سمیت حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ سرحد کے وزیر اطلاعات نے مولانا صوفی محمد کی گرفتاری کے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صوفی محمد کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صوفی محمد دہشتگردوں کو مضبوط کر رہے تھے ان پر تحقیقات کی روشنی میں مقدمہ چلایا جائے گا۔ دوسری جانب سی سی پی او پشاور صفوت غیور نے مولانا صوفی محمد اور ان کے بیٹوں کی گرفتاری کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ادھر دیر بالا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 23شدت پسند مارے گئے جبکہ قومی لشکر نے بھی 3شدت پسندوں کو ہلاک اور تربیتی مرکز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دیر میڈیا سینٹر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اپر دیر کے علاقے ڈوگدرہ اور غازی میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ۔ کارروائی 23 شدت پسند مارے گئے اور ان کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے ۔ ادھر ضلع لوئر دیر کی تحصیل میدان میں شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب بم دھماکے سے چھ سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ریموٹ کنٹرولڈ دھماکہ بنوں کے علاقے ایف آر بکا خیل میں اس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز کا قافلہ وہاں سے گذر رہا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دو اہلکار ارشاد اور منظور لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ انہیں اغواء کر لیا گیا ہے ۔ ادھر شمالی وزیرستان میں میر علی بیچی روڈ سے تین افراد کی سرکٹی لاشیں ملی ہیں جنہیں نا معلوم افراد نے قتل کیا ہے ۔ دوسری جانب سوات اور مالاکنڈ میں پاک فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مقامی کمانڈر معاذ ہلاک جبکہ امام مسجد سمیت دس عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا، بونیر میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دو فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میدان کے علاقے پیا میں سرچ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے، بونیر ، خوازہ خیلہ، ولی آباد اور چار باغ کے علاقوں میں دس سرنگیں اور خفیہ پناہ گاہیں تباہ کر دی گئیں اور چھ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ سوات کے علاقہ توتن بانڈا میں17 رائفلز ، تین مشین گنز اور چار پستول برآمد کر لیے گئے،تل کماری بانڈہ اور میرا بانڈہ میں آپریشن کے دوران قمبر کا مقامی کمانڈر معاذ مارا گیا ۔ سوات سے گرفتار کئے گئے خود کش حملے کے لئے تیار کئے جانے والے 6بچوں کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ سوات میں آپریشنل کمانڈر بریگیڈیئر طاہر حمید نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ آپریشن کے دوران برآمد کئے گئے بچوں کو برین واشنگ کے ذریعے یہ بتایا گیا تھا کہ اگر ان کے والدین بھی ان کے راستے میں آئیں تو انہیں بھی ہٹا دیں ۔ شدت پسندوں کے قبضے سے پانچ خودکش گاڑیوں سمیت پندرہ گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد ہونے والے اسلحے میں بھارتی اور روسی ساخت کا اسلحہ بھی شامل ہے ۔ پشاور پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران چالیس مشتبہ افراد گرفتار کر لئے۔ پولیس نے پشاور اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ کارروائیوں میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ادھر کوہاٹ میں بھی سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران متعدد افراد گرفتار کر لیے گئے۔ سوات میڈیا سینٹر نے کہا ہے کہ مینگورہ شہر میں تمام بینک 31جولائی تک کھول دیئے جائیں گے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مالاکنڈ کے متاثرین میں اب تک دو لاکھ بیس ہزار ایک سو تینتالیس کیش کارڈز تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ چار سدہ سے تین سو تیس خاندانوں پر مشتمل قافلہ سوات، دیر اور بونیر کیلئے روانہ ہوگیا ۔ ادھر مردان اور صوابی سے متاثرین مالاکنڈ کی گھروں کو واپسی جاری ہے۔ نو سو خاندان اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔ صوابی کا چھوٹا لاہور کیمپ بند کر دیا گیا۔ چارسدہ کے کیمپوں اور سرکاری سکولوں سے تین سو چار خاندانوں کی واپسی ہوئی۔ صوابی کے چھوٹا لاہور کیمپ سے ستر خاندانوں پر مشتمل آخری قافلہ سوات اور مردان کے لئے روانہ ہو گیا۔

خبر کا کوڈ : 8762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش