0
Monday 17 Aug 2020 02:49
اسرائیل-امارات دوستی معاہدہ

اسرائیلی پروازوں کو سعودی عرب کی ہوائی حدود سے گزرنے کی اجازت بھی دیدی گئی، صیہونی اخبار

اسرائیلی پروازوں کو سعودی عرب کی ہوائی حدود سے گزرنے کی اجازت بھی دیدی گئی، صیہونی اخبار
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ منسلک ایک صیہونی اخبار نے ولیعہد ابوظہبی کے ایک سینیئر مشیر سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بحرین اور عمان 2 ایسے ممالک ہیں کہ جن کے بارے میں بھی یہ توقع موجود ہے کہ وہ جاری سال کے اختتام سے قبل ہی (غاصب صیہونی رژیم) اسرائیل کے ساتھ دوستی معاہدے پر دستخط کر دیں گے۔ اماراتی اعلی عہدیدار نے صیہونی اخبار 'اسرائیل الیوم' کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگلے 5 ماہ کے دوران اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل مسافر متحدہ عرب امارات کا سفر کر سکیں گے جبکہ تل ابیب سے امارات اور امارات سے تل ابیب جانے والی براہ راست پروازیں سعودی ہوائی حدود سے گزرا کریں گی۔

صیہونی اخبار 'اسرائیل الیوم' کو انٹرویو دینے والے اماراتی حکومتی عہدیدار، جس کا نام ذکر نہیں کیا گیا، نے اپنی گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی پر اسرائیل-امارات معاہدے کے طے پانے کے بارے کہا کہ اس سلسلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب اور 'صدی کی ڈیل' کے منظر عام پر آنے کے بعد سے ہی دونوں طرف سے رابطے ہونا شروع ہو گئے تھے۔ اماراتی ولیعہد کے سینیئر مشیر نے کہا کہ علاوہ ازیں، اس معاہدے کے طے پانے کے دوسرے محرکات میں ایرانی خطرہ، کرونا وائرس اور درۂ اردن سمیت مغربی کنارے کے ایک وسیع علاقے پر اسرائیلی حاکمیت کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

اماراتی ولیعہد کے سینیئر مشیر نے صیہونی اخبار کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اگلے کچھ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوجانبہ تعلقات کی استواری کے لئے دونوں ممالک کی ٹیمیں جمع ہو جائیں گی، کہا کہ یہ معاہدہ، ابوظہبی و تل ابیب میں دونوں ممالک کے سفارتخانوں کے قیام پر بھی مشتمل ہے جبکہ پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے اندر قونصل خانوں کا افتتاح کیا جائے گا یا نچلی سطح کے حامل سفارتی وفود کا رد و بدل ہو گا۔ اماراتی ولیعہد کے مشیر نے اپنی گفتگو کے آخر میں انکشاف کرتے ہوئے مراکش و اسرائیل کے درمیان بھی آئندہ کچھ ماہ کے دوران طے پانے والے دوستی معاہدے کی خبر دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت اور معیشت کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ گہرا تعاون موجود ہے۔
خبر کا کوڈ : 880708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش