0
Sunday 23 Aug 2020 19:18
شیعہ فقہا کے اہلسنت کے مقدسات کی توہین کو حرام قرار دینے کو سراہتے ہیں

سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، حافظ طاہر اشرفی

کسی اسلامی مکتبہ فکر کو کافر قرار دینا حرام ہے، پریس کانفرنس سے خطاب
سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، حافظ طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب میں متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین مولانا طاہر اشرفی نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی طور بھی اسرائیل کو تسلیم ںہیں کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب کا اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں۔ اس موقع پر جے یو پی کے پیر محفوظ مشہدی، مجلس احرار کے مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، تحریک حسینیہ پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے پیر اسد اللہ فاروق اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی خلاف اسلام ہے، محرم الحرام کے دوران ہر قیمت پر امن و امان کو برقرار رکھا جائے۔ حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کوئی خطیب، ذاکر، واعظ انبیاء، اہلبیت اطہار، صحابہ ذی وقار، خلفاء راشدین اور امام مہدی علیہ السلام کی توہین نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم واضح کرتے ہیں کہ کسی مقدس شخصیت کی تنقیص اور نہ ماننے میں فرق ہے، مختلف مکاتب فکر کے درمیان اختلاف موجود ہیں، کسی کو توہین کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ شیعہ فقہا آیت اللہ علی سیستانی اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی طرف سے ازواج مطہرات کی توہین کو حرام قرار دینے کے فتوے کو سراہتے ہیں، کسی اسلامی مکتبہ فکر کو کافر قرار دینا حرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانی فرقہ نہیں بلکہ فتنہ ہے، اور اس فتنے کیخلاف پاکستان میں تمام مکاتب فکر 7 ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو متحدہ علماء بورڈ کی طرف سے نفرت پھیلانے والے فیس بک اکاونٹ بند کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، نفرتیں اور انتشار پھیلانے والے سوشل میڈیا کو پی ٹی اے بند نہ کروا سکتا تو محرم کے دنوں میں فیس بک پر پابندی عائد کر دے، کیونکہ سوشل میڈیا کو فرقہ واریت پھیلانے کیلئے بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سوشل میڈیا پر انتہا پسندی کے فروغ کو روکنے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور بہت سے ایسے پیجز ہیں جن کو بلاک کرنے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی طور پر اس معاملے میں کافی فعال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کئے جانے کے حوالے سے طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں، سعودی عرب نے واضح موقف دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا موقف ہے کہ جب تک فلسطین کے وجود کو تسلیم نہیں کیا جاتا، اسرائیل کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے بانی مولانا سمیع الحق کا تعلق دیوبندی مکتب فکر سے تھا، پیغام پاکستان میں تمام اسلامی مکاتب فکر کے حوالے سے فتاوی موجود ہیں، جن کی بنیاد پر معاشرے میں امن و بھائی چارہ قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اور بیرونی قوتیں پاکستان میں شیعہ سنی کو لڑانا چاہتی ہیں، اور اس مقصد کیلئے منظم سازش کی جا رہی ہے، اس لئے ہمیں اس حوالے سے بیداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور دشمن کی سازش کو سمجھتے ہوئے باہمی رواداری کو فروغ دینا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 882048
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش