0
Wednesday 9 Sep 2020 23:13

مقبوضہ قدس میں "شاہراہِ امریکہ" کی تعمیر، مزید 400 فلسطینی گھر مسماری کے نشانے پر

مقبوضہ قدس میں "شاہراہِ امریکہ" کی تعمیر، مزید 400 فلسطینی گھر مسماری کے نشانے پر
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی میڈیا نے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے مقبوضہ قدس شریف کو یہودی بنانے کے ایک نئے منصوبے سے پردہ اٹھایا ہے۔ عرب ای مجلے الدستور کے مطابق شہر مقبوضہ قدس میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے منعقد کی جانے والی ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل، فلسطین کے مسلم اکثریتی شہر "مقبوضہ قدس" میں "شاہراہِ امریکہ" کے نام سے ایک نئی سڑک بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس کے باعث فلسطینی شہریوں سے متعلق مزید سینکڑوں گھر مسمار کر دیئے جائیں گے۔

القدس قانونی و سماجی امداد (القدس للمساعده القانونیه و الاجتماعیه) نامی فلسطینی مرکز کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس پریس کانفرنس میں عالمی برادری کو خبردار کیا گیا ہے کہ غاصب و قابض صیہونی رژیم کی جانب سے شہر قدس کے یہودی بنائے جانے کی گھناؤنی سازش کے تحت "شاہراہ امریکہ" کی تعمیر کے بہانے شہر کے جنوبی علاقے جبل المکبر سمیت متعدد علاقوں میں کم از کم 400 فلسطینی گھروں کو مسماری کا شدید خطرہ لاحق کر دیا گیا ہے۔

شہر قدس میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ مقبوضہ قدس کے مشرقی حصے کو جنوب میں واقع امریکی سفارتخانے کے ساتھ ملانے کی غرض سے تعمیر کی جانے والی اس شاہراہ کے لئے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے عنقریب ایک ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی جانے والی ہے جس کو فلسطینی گھروں کی مسماری کی ذمہ داری بھی سونپی جائے گی۔

واضح رہے کہ قبل ازیں اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کی رابطہ کاری (OCHA) کی جانب سے نشر کی جانے والی ایک مکتوب رپورٹ میں بھی شہر مقبوضہ قدس کے مشرقی حصے اور فلسطین کے مغربی کنارے میں فلسطینی گھروں کے غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے ضبط و مسمار کئے جانے کے بارے اعلان کیا گیا تھا کہ ان عمارتوں کو "اسرائیل کی جانب سے جاری شدہ اجازت نامے کے فقدان" کے بہانے سے مسمار کر دیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 885317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش