0
Wednesday 9 Sep 2020 23:40

مائنز میں کام کرنیوالے مزدوروں کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں، مشتاق خان

مائنز میں کام کرنیوالے مزدوروں کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے قبائلی ضلع مہمند میں پہاڑی تودہ گرنے اور اس میں ہونے والے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت جاں بحق افراد کے خاندانوں اور ورثاء کے لئے مالی پیکج کا اعلان کرے۔ زخمیوں کو مکمل صحتیابی تک علاج معالجے کی مفت سہولت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مالی پیکج کا بھی فراہم کرے۔ مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے بین الاقوامی ایس او پیز اور قوانین کے مطابق ان کی حفاظت کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے بروقت کارروائی کرکے زخمیوں کو اپنی ایمبولینس سروس کے ذریعے ہسپتالوں کو پہنچایا جبکہ جاں بحق افراد کے لئے بھی خصوصی ایمبولینس سروس چلائی۔ مہمند میں الخدمت میڈیکل کیمپ کے قیام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے مشکل کی ہر گھڑی میں قوم کی خدمت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت مائنز اونرز اور ٹھیکیداروں کو بین الاقوامی قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنائے۔ مائنز اونرز اپنے فائدے کا تو خیال رکھتے ہیں لیکن مزدوروں کے حقوق کا خیال نہیں رکھتے۔ ناقص انتظامات کے باعث ہر سال سینکڑوں مزدور کان بیٹھ جانے یا پہاڑی تودا گرنے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے پاس جان بچانے کے لئے کسی قسم کی سہولت موجود نہیں ہوتی۔ حکومت اپنا ٹیکس تو وقت پر وصول کرتی ہے لیکن کانوں کے مزدوروں کے حالات سے بے خبر ہوتی ہے۔ ان حادثات میں ہونے والی اموات میں ٹھیکیداروں کے ساتھ ساتھ حکومت بھی برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے نمٹنے، کان کنوں کو حفاظتی سامان فراہم کرنے اور ٹھیکیداروں کو مزدوروں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے پابند بنانے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے۔
خبر کا کوڈ : 885325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش