0
Saturday 19 Sep 2020 00:49

بلاول کی زیر صدارت پی پی گلگت بلتستان کا اہم اجلاس، جی بی الیکشن پر غور

بلاول کی زیر صدارت پی پی گلگت بلتستان کا اہم اجلاس، جی بی الیکشن پر غور
اسلام ٹائمز۔ چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کا اہم اجلاس بسلسلہ جی بی کے انتخابات زرداری ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سید نیر بخاری، قمر زمان کائرہ، فریال تالپور، پیپلز پارٹی جی بی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، انجینیر اسماعیل، محمد موسیٰ، جمیل احمد، سعدیہ دانش نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں کی نامزدگی پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں جی بی کے انتخابات میں تمام حلقوں میں انتخابی مہم زور و شور سے چلانے کی تیاری پر تفصیلی گفت شنید ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کا انعقاد بروقت کرائے جائیں، اگر انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلز پارٹی بھرپور آواز اٹھائے گی۔ تحریک انصاف پولٹیکل انجینیرنگ کا دوسرا نام ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات میں اگر وفاقی حکومت پولیٹیکل انجینیرنگ کی کوشش کرے گی تو پیپلز پارٹی بھرپور جواب دے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ جی بی کے عوام کو ان کی مرضی سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے دیا جائے۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام تبدیلی سرکار کی کارکردگی سے واقف ہو چکے ہیں۔ عمران خان نے ملک میں روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اقتدار میں آنے کے بعد روزگار چھین لیا، مکان دینے کا وعدہ کیا تھا مگر تجاوزات کے نام پر مکان چھینا، عمران نیازی نے غریب عوام کے اوپر مہنگائی کا بم پھینکا، آج غریب لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، گلگت بلتستان کے غیور عوام ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیلی سرکار کو مسترد کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ انتخابات کے دنوں میں خود گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کا دورہ کرونگا اور انتخابی مہم میں بھرپور انداز میں شرکت کرونگا۔ جی بی کے سیاسی نظام کو مضبوط بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، پیپلز پارٹی نے اس سے قبل بھی جی بی میں سیاسی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے گراں قدر اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے 24 حلقوں کے تمام امیدواروں کی پوزیشن اور پارٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 887069
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش