0
Saturday 3 Oct 2020 21:50

موجودہ حکومت نے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کیے، مشتاق خان

موجودہ حکومت نے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کیے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے نوجوانوں سے جھوٹے وعدے کیے اور ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، حکومت کے پاس نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، کھیل میدان کے لئے کوئی منصوبہ نہیں۔ حکومت نے نوجوانوں کو نظر انداز کرکے ان کا جذباتی استحصال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کی صوبائی کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں جے آئی یوتھ کے مرکزی صدر زبیر احمد گوندل، مرکزی نائب صدر امان اللہ، صوبائی صدر صدیق الرحمان پراچہ، سیکرٹری جنرل حفیظ اللہ خاکسار، سابق ناظم تحصیل واڑی مشتاق احمد سمیت اضلاع کے صدور نے شرکت کی۔ مشتاق خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 22 کروڑ آبادی میں سے 14 کروڑ نوجوان ہیں، جو روزگار نہ ہونے کی وجہ سے منشیات اور گن کلچر کی نظر ہورہے ہیں، نوجوانوں کے لئے تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، مہنگائی عروج پر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کروڑوں نوجوان بے روزگار ہیں، موجودہ حکومت کی وجہ سے گزشتہ 1 سال کے دوران 30 لاکھ سے زائد نوجوان بیروزگار ہوئے ہیں، جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کو منظم کر رہی ہے۔ ربیع الاول کے مہینہ میں ہر ضلع میں جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام سیرت کانفرسز منعقد کی جائیں گی، ہر ویلج کونسل میں جماعت اسلامی یوتھ کی کابینہ تشکیل دیں گے، جے آئی یوتھ منشیات اور جرائم پیشہ افراد سے عوام کو تحفظ دے گی، جماعت اسلامی نوجوانوں کو سپورٹس کی سہولیات فراہم کر ے گی۔ ملک میں گڈ یا بیڈ گورننس نہیں بلکہ ملک میں کوئی گورننس ہی نہیں ہے۔ موجودہ حکومت مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا تسلسل ہے۔ جماعت اسلامی ناکام نااہل حکومت کے خلاف ہر محاذ پر تحریک چلارہی ہے۔ اکتوبر اور نومبر میں ملاکنڈ ڈویژن میں حکومت مخالف 7 بڑے جلسے منعقد کریں گے۔ اپنی جدوجہد پارلیمنٹ، گلی کوچوں اور چوکوں چوراہوں میں جاری رکھیں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 889990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش