0
Wednesday 28 Oct 2020 22:19

تمام مسلم حکمران فرانس سے اپنے سفراء کو واپس بلائیں، جماعت اسلامی

تمام مسلم حکمران فرانس سے اپنے سفراء کو واپس بلائیں، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کیخلاف جمعہ 30 اکتوبر کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں پریس کلبز، مساجد، اہم چوراہوں اور عوامی مقامات پر احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی، ضلعی اور مقامی رہنماﺅں سمیت علمائے کرام، اقلیتی برادری کے نمائندے بھی خطاب کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ ہے فرانس کیخلاف زبردست معاشی اور سوشل بائیکاٹ کی ضرورت ہے، محض قراردادیں پاس کرنے اور بیان بازی سے مغرب اپنے اوچھے ہتکنڈوں سے کبھی باز نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تو چند افراد اور شیطانی ٹولوں کی جانب سے ایسے گستاخ خاکے شائع ہوتے تھے، لیکن مسلم حکمرانوں کی خاموش تماشائی کردار ادا کرنے کے نتیجے میں اب ریاستی سطح پر بھی اسلامی شعائر اور دنیا کی سب سے عظیم ہستی کی توہین کی جا رہی ہے اور فرانسیسی صدر اس کی واضح مثال ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ فرانس نے توہین آمیز خاکوں کی ہمت افزائی اور اسلام کو بیمار مذہب قرار دیکر دراصل پونے دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے، جس کا مداوا قراردادوں اور احتجاجی ریلیوں سے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام امت مسلم اور مسلم حکمران فرانس سے اپنے سفراء کو واپس بلائیں اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر بھرپور ردعمل دیا جائے، امت مسلمہ کا ہر فرد حرمت رسول کیلئے اپنی جان تو دے سکتا ہے، مگر توہین برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے سندھ کے غیور عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کو گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف جماعت اسلامی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کرکے اپنے ایمان کی مضبوطی کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 894619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش