0
Wednesday 11 Nov 2020 12:12

مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف

مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں کہا ہے کہ میرے سیاسی مخالفین میرے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ اختلاف میاں شہباز شریف نے رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے موقع پر جج سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جھوٹے الزامات عائد کیے گئے، میں نیب کے تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں، میرے اوپر جس جس کیس میں فردِ جرم عائد کی گئی وہ تمام کیسز بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہسپتال بنائے، قوم کے اربوں روپے بچائے، جس کا مجھے یہ صلہ دیا جا رہا ہے، قیامت تک میرے اوپر کرپشن ثابت ہو گئی تو میں قوم کا جرم دار ہوں گا۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں معصوم ہوں، اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کا صدر ہوں، میرے خلاف یہ جھوٹا اور بے بنیاد کیس بنایا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ نیب اپنی ساکھ مکمل کھو چکا ہے، اسے سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، نیب اب تک کوئی بھی شواہد منظر عام پر لانے میں ناکام رہا ہے۔ شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ آشیانہ ہو، رمضان شوگر یا پھر کوئی اور کیس، میرے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈھائی سال سے میرے خلاف تحقیقات چل رہی ہیں۔ اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کو پیش کیا گیا تو اس موقع پر عدالت کے باہر نون لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی ہو گئی۔ پولیس کی جانب سے میاں شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 897157
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش