0
Thursday 19 Nov 2020 18:31

پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے، عثمان بزدار

پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن مہم نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے، بڑے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا گیا ہے اور گزشتہ 2 برس کے دوران 51 ہزار 50 شکایت موصول ہوئی ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ہمارے ناقدین جو کہتے ہیں کہ تبدیلی نہیں، میں انہیں کہتا ہوں کہ پنجاب بدل کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے 11 ہزار سے زائد شکایتوں کے خلاف انکوائریز کا آغاز کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران اینٹی کرپشن انکوائریز کی مد میں 3 ہزار 185 کیسز درج کیےگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے 3 ہزار 904 ملزمان کو گرفتار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے 27 ماہ کے دوران ملزمان سے ریکوری کی شرح 532 فیصد زائد رہی ہے۔
 
علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران 43 کروڑ روپے جبکہ محض 27 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ سرکاری زمین واگزار کرنے کی شرح گزشتہ 10 برس کے مقابلے میں 6 ہزار 172 فیصد زیادہ رہی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 برس کے دوران 2 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ ہمارے 27 ماہ کے دور میں 181 ارب روپے سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی۔ عثمان بزدار نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ قبضہ مافیا کی سر پرستی میں سیاسی اور بااثر افراد شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ حاصل کردہ تمام وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے اور یہ ہی ہمارا منشور ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اینٹی کرپشن کی مہم پہلے سے زیادہ زور و شور سے جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 898788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش