0
Wednesday 9 Dec 2020 19:43

خیبر پختونخوا، اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ

خیبر پختونخوا، اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ
اسلام ٹائمز۔ فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے رویے اور صوبے میں جاری بدانتظامی کے خلاف اپوزیشن نے وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگا دیا، کیمپ میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک، نثار خان مہمند، شگفتہ ملک، خوشدل خان، صلاح الدین، جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان، جے یو آئی (ف) کے لطف الرحمٰن، (ن) لیگ سردار یوسف، سردار اورنگزیب نلوٹھا، ثوبیہ شاہد، پیپلز پارٹی کی نگہت یاسمین اورکزئی اور دیگر اپوزیشن اراکین نے شرکت کی۔ اپوزیشن اراکین نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے یوٹرن پالیسی نہیں بدلی تو اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن اراکین وزیراعلٰی ہاؤس کے سامنے احتجاج پر بیٹھ گئے ہیں، کیمپ شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بدانتظامی اور کرپشن کا راج ہے، صوبائی حکومت نے اپوزیشن اراکین کو 35 فیصد فنڈز جاری کرنے کا وعدہ کیا اور پھر یوٹرن لے لیا۔

اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی کا رویہ اپوزیشن اراکین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا ہے، انہوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے واقعے سے متعلق انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تمام ذمہ دار صوبائی حکومت کو قرار دیا، شرکاء نے سیاسی جماعتوں کے رضاکار فورس کیخلاف کارروائی کی بھی مذمت کی اور واضح کیا کہ جے یو آئی (ف) کے انصارالاسلام کے رضار سمیت تمام فورسز الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اور صوبائی حکومت ڈنڈوں کی رجسٹریشن کیلئے قانون بنائے تو ہم رضاکاروں کے ڈنڈوں کا لائسنس بھی بنوا دیں گے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے کیمپ کے شرکاء کی چائے سے تواضع کی گئی اور فیس ماسک بھی فراہم کئے گئے جس پر مظاہرین نے وزیراعلٰی کا شکریہ ادا کیا۔ کیمپ شرکاء نے مطالبات منظور ہونے تک صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
خبر کا کوڈ : 902706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش