0
Monday 28 Dec 2020 17:40

دیامر بھاشا ڈیم کی اسامیوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے، امجد حسین ایڈووکیٹ

دیامر بھاشا ڈیم کی اسامیوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کیا جائے، امجد حسین ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حُسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم میں دیامر کے لوگوں کے ساتھ ظلم بند کیا جائے۔ 2010ء کے معاہدے کے تحت دیامر بھاشا ڈیم کی نوکریوں میں دیامر کے مقامی لوگوں کو ہی بھرتی کیا جائے۔ کٹ پتلی حکومت ہوش کے ناخن لے کر اس اہم نوعیت کے مسئلے کو حل کرے، ورنہ پیپلز پارٹی اس مسئلے پر خاموش نہیں رہے گی۔ اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا دیامر بھاشا ڈیم کی نوکریوں میں  پہلا حق دیامر کے مقامی لوگوں کا ہے، اس کے بعد جی بی کے دیگر اضلاع کے لوگوں کا حق ہے۔ لگتا ہے پی ٹی آئی کی صوبائی اور وفاقی حکومت 2010ء کے معاہدے کو سبوتاژ کرکے پاکستان کے دیگر صوبوں کے لوگوں کو ملازمتیں دینے کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔ ہم صوبائی حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ اگر ایسا ہوا تو پیپلز پارٹی کا شدید ردعمل آئے گا۔ دیامر کے نوجوان کئی روز سے احتجاج پر ہیں اور صوبائی حکومت خواب خرگوش کی نیند سو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی جانب سے چھوٹے سے احتجاج پر بھاشا ڈیم میں وہاں کے لوگوں کو ملازمتیں دینا ضلع دیامر اور جی بی کے لوگوں کے مُنہ پر طمانچہ ہے، اگر صوبائی اور وفاقی حکومت اس سنجیدہ اور اہم مسئلے کو 2010ء کے معاہدے کے مطابق حل نہیں کریگی تو ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان تحریک انصاف کی اس عوام دشمن فیصلے کے خلاف پر فورم پر آواز اٹھائے گی، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں باقاعدہ یہ معاہدہ ہوا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی ملازمتوں میں ضلع دیامر کے لوگ ہی بھرتی ہونگے، اس کے بعد جی بی کے دیگر اضلاع کا حق ہوگا اور بعد ازاں پاکستان کے دیگر صوبوں کے لوگوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ مگر آج دیامر کے عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت دیامر کے لوگوں کے ساتھ یہ ظلم اور ذیادتی بند کر دے، ورنہ ہم کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 906702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش